
حبیبہ اسماعیل
"میرا برانڈ پاکستان "جی ہاں یہ وہ خوبصورت جملہ ہے جو ہر پاکستانی کی زبان زد عام ہونا چاہیے۔ کسی بھی دکان پر جائیں،پاکستانی مصنوعات ہی کا تقاضاکریں۔اس میں
شرمانے یا ہچکچانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔اگر وہاں ملتی ہے تو ٹھیک اور نہیں تو فوری اس دکان سےواپس چلے جائیں اور اس پاس لوگ کھڑے ہیں تو انہیں بھی کہیں بھئی پاکستانی مصنوعات ہی استعمال کیا کریں ۔ غیر ملکی مصنوعات تو دشمنوں کو ہی ہماری وجہ سے فائدہ دیتی ہیں اور ہم کیوں اپنی ذات سے انہیں خوش کریں اور یہ بات تو ساری دنیا جانتی ہے کہ کس دشمن کی اور کیوں بات کی جارہی ہے اور ہر فرد کی ہر موقع پر اسی طرح کا اصرار اور اس کی وضاحت اگر کی جاتی رہےتو دیکھیں کیسے اس کی تشہیر بغیر میڈیا کے ہوتی ہے۔
اس طرح ہم اپنی ذات سے اپنے ملک کی ہرچیز چاہیں چاہے وہ کتنی ہی غیرمعیاری کوں نہ ہو،ہے تو ہماری پہچان ۔ کہتے ہیں اپنےوطن کی تو دھوپ بھی غیر کی چھاؤں سے پیاری ہے ۔اپنے وطن کو اور اس کی ہر چیز کو اہم اور غیر اہم بنانا ہماری ہی اپنی ذات سے وابستہ ہے ،اگر آج ہر پاکستانی اپنی مصنوعات کو ہر حال میں خریدنے پرمصر رہے اور مہنگی یا غیر معیاری ہونے کا بہانہ چھوڑ دے تو لامحالہ ہر دکان دار غیر ملکی مصنوعات کو لاتے ہوئے کئی بارسوچےگا کہ میری تودکان داری لوگوں کے واپس جانےسے بہت خراب ہوگی ۔دشمنوں کی مصنوعات پیچھے اور پاکستانی آگے سجی نظر آئیں گی۔ ان شاء اللہ
یقین جانیے!ہمارے وہ بےروز گار لوگ یہ سب دیکھ کر اپنی گھریلو صنعتوں میں اضافہ کریں گےاوربہتری لا کر انہیں دکانوں میں رکھوا کر اپنےمعاشی حالات اچھے کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔ کوشش کریں کہ ہراس جگہ جہاں افراد موجود ہوں وہاں اپنے پاکستانی برانڈ اور اس کی افادیت کو اجاگر کریں۔ لوگوں میں شوق اور وہ ایمانی جذبہ جگائیں جو ہمارے فلسطین کیلئے چھوٹا ساجہاد بن سکتا ہے اور سارے ممالک اپنی زبان ،اپنے برانڈ اور اپنوں ہی کو سب سے اہم اور قابل فخر سمجھتے ہیں تو ایک پاکستانی میں کس چیز کی کمی ہے جو وہ ان سب چیزوں پر فخر نہیں کر سکتا۔ بس اب ہر فرد اس" ہمارا برانڈ پاکستان" کو خاص سمجھے اور اسے آگےسے آگے اپنی کوششوں سے بڑھانے میں مدد دے تو کچھ ہی عرصے بعد ہمارے ملک میں اپنی ہی بنائی چیزوں کی فیکٹریاں اور ہر کار آمد ضرورت کی چھوٹی سے بڑی اشیاء بھی پاکستانی کے ہنر مند ہاتھوں سے بن کر اپنے ملک ہی کیا ساری دنیا میں اپنا نام بلند کرتی نظر آسکتی ہیں ۔ ان شاء اللہ



































