
نائلہ تبسم
اسلامی سال کا اختتام بھی ایک عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہےاورآغاز بھی عظیم الشان قربانی سے جب وقت کےیزیدکےآگےنواسہ رسول
نے سر کٹوانا تومنظورکیامگرجھکایا نہیں۔اہل بیعت کاغم توایک فطری بات ہےمگراس قربانی کےپیچھےایک مقصد پنہاں ہے،اس چیز کو سمجھنے کے لیے ہمیں دیکھنا چاہیےکہ رسول اللہ اورخلفائےراشدین کی سربراہی میں ریاست میں جو نظام چالیس سال تک چلتا رہا ،بنو امیہ کی حکومت میں اس کا نام و نشان نہیں تھا۔عدل کی جگہ ظلم نےلےلی،خدا سےڈرنےکی بجائےحاکم لوگوں کواپنےآپ سےڈرانےلگے ۔ضمیر اتنے مردہ ہو گئے کہ حلال و حرام کی تمیز ختم ہو گئی، انصاف کے دہرے معیار بن گئے حتیٰ کہ خدا ترس فقہا نے عدالت کی کرسی پر بیٹھنے کی بجائے کوڑے کھانا منظور کیا۔
ان حالات میں یزیدکی ولی عہدی ایک نئےجبرکانقطہ آغازتھا،جسےحضرت امام حسین نےمحسوس کیا اوراس بغاوت کےخلاف اٹھے۔ اپنے،اپنے بچوں کے اور خاندان کےسرتوکٹوادیےمگر ظلم کےآگےسرنہیں جھکائے۔آج بھی اور بعد میں آنے والے ہر دور کے مسلمان کو یہ راہ دکھا دی کہ اسلام اور ملت اسلامیہ کی زندگی باطل کے مقابلے میں جمنےاورحق کے لیے جان دینے کا نام ہے ۔
قتل حسین اصل میں مرگ یزید تھا
اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد
آج بھی دنیا اللہ تعالیٰ کی اطاعت کو بھول چکی ہے،عزتیں پامال ہیں، حق ناحق سب خلط ملط ہے۔ آج بھی اسوہ حسین رضی اللہ ہمیں سکھا رہا ہے کہ اٹھو اور باطل کےخلاف اٹھ کھڑے ہو،اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔



































