
یسریٰ عباسی
"سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد۔۔"
ڈیگ میں اونچی آواز سے لگا نغمہ، سرسبز ہلالی پرچم سرسبز گراؤنڈ میں وسیع احاطےمیں مکمل پھیلا کر لگایا گیا تھا۔ ساتھ ہی گھاس پر کارپٹ بچھا تھا اور ان پر موجود کرسیوں پر نفوس براجمان تھے غالبا آزادی کے جشن کے طور پر کسی تعلیمی ادارے میں کوئی تقریب چل رہی تھی۔ سفید اور سبز ملبوسات میں ملبوس ہنستی، مسکراتی اٹھکیلیاں کرتی لڑکیاں، ہاتھوں میں سمارٹ فونز تھامے کبھی وکٹری کا سائن بنواتے سیلفیز لیتیں۔ اردگرد مختلف نیوز چینلز کی گاڑیاں کھڑی تھیں کہ پروگرام کی مکمل کوریج ہونی تھی۔
ایسے میں ادارے کی عمارت کی پہلی منزل کے کوریڈورمیں ہاتھوں میں کتابیں اور پانی کی بوتل لیے وہ دیوارکےساتھ لگی سامنے موجود تقریب کے مناظر آنکھوں میں محفوظ کررہی تھی اور مسکراتے ہوئے کافی محفوظ ہو رہی تھی۔ ایسے میں نظر ہوا کے بل پر لہراتے ہوئے وسیع سبز ہلالی پرچم پر پڑی،یک لخت اس کی مسکراہٹ سمٹی، ہر چیز سرمئی رنگ میں ڈھلنے لگی سبز گراؤنڈ، پرچم، وہاں موجود نفوس، سب کسی سرمئی رنگ میں بدل گئے،نغمے کی دھن ہلکی پڑتے ہوئے مکمل مٹ گئی اور اس کی جگہ لے لی عجیب آوازوں اور مناظر نے جیسے کوئی فلم چل رہی ہو، آزادی کے نعروں کی آواز، ساز وسامان اٹھائے چلتے لوگ جنہیں پاکستان کی سرحد میں داخل ہونا تھا، ریل گاڑی کے تیز ہارن کے ساتھ چلنے کی آواز،بھوک و خوف سے روتے بلکتے بچوں کی آواز، وحشت و خوف کا مجموعہ بنی ان عورتوں کی آنکھیں جن میں صحیح سلامت وطن پہنچنے کی امید تھی، مختلف قافلے جن میں عورتیں بچے اور ان کے ہمراہ ان کے مرد اس سرمئی منظر پر ابھرنے لگے، رات کی وحشت ناک تاریکی اور چیختے سناٹے کا منظر، ٹرین کی کسی بوگی کا منظر جہاں انسان اڑسے ہوئے تھے، ایسے میں سکھ اور بلوائیوں کی رام رام ستے کی آواز جو ہاتھوں میں چاقو، نیزے، تلواریں لیے مسلمانوں کے ان لاغر قافلوں پر دھاوا بولنے کو تیار تھے، اور پھر دیکھا اس نے دل خراش منظر، ٹوٹ پڑے تھے بلوائی کسی قافلے پر، گھیر لیا تھا انہوں نے اسے، پھر اس قافلے کے مردوں کو پکڑ کر کرنے لگے تھے بے دردی سے قتل، ان کی عورتوں کے سروں سے چھین لیں ان کی چادریں اور نہ بخشا انہوں نے چھوٹے معصوم بچوں کو، چیختی روحوں کی آواز، ہر طرف آگ اور اس میں جلتے انسانوں کی چیخ و پکار،آزاد زمین پر قدم رکھنے کی خواہش سے معمور مردہ وجود کی ساکت و جامد آنکھیں کہ معلوم نہیں آزادی کی راہ میں قربان ہوئےاس جسم کو زمین کی آغوش بھی نصیب ہوئی ہوگی یا نہیں؟ منظر ابھرا لاہور اسٹیشن پرپہنچتی کٹے بےجان نفوس والی ریل گاڑیاں۔
اس نے آنکھیں بند کیں اور پلکوں سے آنسو لڑھک کر گالوں پر بہنے لگے۔ اس نے تر آنکھیں کھولیں وقت اور جگہ کا احساس جاگنے لگا، مناظر پھر سے رنگ برنگے ہوگئے اور نگاہوں نے پھر سے اطراف کا جائزہ لیا جہاں آزادی کی خوشی سے لوگ معمور تھے اور اکثریت لڑکیوں کی تھی۔
سرد سانس بھرتے ہوئے اس نے آسمان کی جانب دیکھا اسے محسوس ہوئی آزادی کی قدر پہلےسے بھی زیادہ، وہ محفوظ تھی، اس کی جان و عزت محفوظ تھی، اس کے پاس مواقع تھے، اختیارات تھے، وہ آزادی سے تعلیم حاصل کر رہی تھی یہ وطن اس کی چار دیواری تھا، ایسا قلعہ جہاں وہ محفوظ تھی، یہ سبز ہلالی پرچم کسی سائبان کی طرح تھا جو گرم و سرد سے بچائے ہوئے تھا۔ اس کا وجود شکرسے سرشار تھا وہ سر اٹھائے روتی جاتی اور مسکراتی جاتی آزادی کی اس نعمت پر وہ رب کا جتنا شکر ادا کرتی کم تھا،اس وطن کی بنیادیں اتنی کمزور نہ تھیں اس کے اجداد کا خون اس وطن کی بنیادوں میں تھا۔
ہاں ہیں بہت سے مسائل اس کے پیارے ملک میں بھی مگر مسائل کہاں نہیں ہوتے۔ اس کی روح سرشار تھی اور وہ اس وطن کے لیے دل سے دعا گو تھی۔ اسے اپنا مقصد معلوم تھا۔ وہ ان لوگوں سا نہیں ہونا چاہتی تھی جو اس وطن کو خود کچھ نہ دے سکے مگر اس کی برائیوں میں پیش پیش رہتے ہیں اور چاہتی تھی کہ اس وطن کی چار دیواری کی آزادی سے ہر کوئی آگاہ ہو جائے تو کبھی اس مٹی کی برائی نہ کرے۔ مسجد سے آزان کی آواز گونجی تو موسیقی کے ساتھ بجتے نغمے کو بند کر دیا گیا، وہ دیوار سے ہٹ آئی اور ہلکے ہلکے قدم اٹھاتی چلنے لگی کہ ابھی اسے نماز ادا کر کے اس وطن عزیز کی سلامتی کے لیے نوافل ادا کرنے تھے۔



































