
عرشمہ عمر
بڑھتی ترقی،جدید طرز زندگی اورمنفرد انداز کو دیکھتے ہوئےکوئی بھی کام دورحاضر میں مشکل نہیں۔چٹکی بجاتے ہر مسئلہ حل ہوتا نظر آتا ہے ۔گئے
وقتوں کے لوگ آج نسل نو کو بے وقوف لگتے ہیں۔بھلا یہ بھی کوئی بات ہوئی ہر ایک کا فون نمبر یاد کرنا۔۔ریاضی کے پہاڑے یاد کرنا۔قرآنی آیات یاد کرنا۔سب وقت کا ضیاع ہےجس چیز کی ضرورت ہوئی گوگل کیا دیکھی،پڑھی،سنی اور سنائی ۔کون اتنی جھنجھٹ پالے۔۔۔
سدرہ نے اسرہ کی بات کے جواب میں دھڑا دھڑ جوابات کی برسات برسائی۔
اسرہ اس کی بات سے بالکل متفق تھی پر کچھ نکات ایسے تھے جن کی وجہ سے اب اسے کئی چیلینجز ترقی میں روکاوٹ لگنا شروع ہوگئے تھے ۔چند دن پہلے ہی شہدادکوٹ سے آئی تائی امی نے اس کی ذہانت کے قصیدے سنتے ہوئے اس سے 19 کا پہاڑہ پوچھ لیا۔وہ جو اپنی ذہانت کا لوہا منوا رہی تھی تائی امی کے سادہ سے سوال پر بغلیں جھانکنے لگی۔چھوٹی بہن کے بخار نہ اترنے پر تائی امی نے وضو کرکے بڑی محبت سے قرآنِ کریم کو چومتے ہوئے کہا بس دس منٹ میں بخار اتر جائے گااور وہ انکے اعتماد پر حیران،گویا وہ ڈاکٹر ہوں۔۔۔۔
اسرہ آج کل کے جدید تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گوگل پر ہی آیات کو پڑھ اورسن لیتی تھی۔قرآنِ پاک کی خوشبو سے تو وہ آشنا ہی نہ تھی؟کیا تائی امی اس سے بازی جیت گئی تھیں؟جبکہ وہ پرانے زمانے کی جدید تقاضوں سے کوسوں دور تھیں۔اسے لگا جیسے اس کا تعلق اپنے خالق سے بہت کمزور ہے ۔وہ ابھی اسی کشمکش میں تھی کہ سدرہ کے گھر سے رونے کی آوازیں آنے لگیں ۔ اس کے ماموں کا انتقال ہوگیا تھا۔ چچی کا رو رو کر برا حال تھا۔سدرہ جلدی سے ابو کو فون کرکے انہیں حیدرآباد سے واپس آنے کا کہے ورنہ امی بھائی کا چہرہ نہیں دیکھ پائیں گی ۔ سدرہ گھبرائی ہوئی اس کے موبائل سے اپنے ابو کا نمبر ڈائل کرنے کا کہنے لگی کیونکہ سدرہ کا موبائل چند دن پہلے ہی گر کر ٹوٹ گیا تھا پر کسی کو چچا کا نمبر یاد ہی نہیں تھا۔
اب گوگل تو نمبر دینے سے رہا۔۔۔پھر وہی ہوا جس کا ڈر تھا چچا سے کانٹیکٹ نہ ہو سکا اور چچی روتی پیٹتی رہیں کہ بھائی کا آخری وقت دیدار نصیب نہ ہوا۔ بہت سے سوالات اسے جھنجھوڑنے لگے۔
بقول اماں کے،انہیں اور ان کے زمانے کی ہر بچی اور بچےکو عمہ پارہ سمیت کئی مسنون دعائیں زبانی یاد تھیں ۔ابو ،چچا کو بھی مختلف واقعات،ترانے،جمع تفریق کے سوالات نہ جانے کیا کچھ (جسے آج کے دور میں کوئی اہمیت حاصل نہ تھی) یاد تھا۔انہی سوالات کی بازگشت میں اسرہ نے ٹی وی آن کیا ہر چینل کوئی نہ کوئی راگ آلاپ رہا تھا۔ٹک ٹاکر کی ٹک ٹاکر بناتےہوئےحادثاتی موت،چور کو چوری کرتے پکڑے جانے پر لوگوں کی مار پیٹ سےخراب حالت،کسی مجبور کی تمام جمع پونجی کی ڈکیتی،کسی سیلیبرٹی کی علیحدگی،اسٹاک ایکسچینج اسٹینڈرڈ کا اتار چڑھاؤ،سیاسی جماعتوں کا اجلاس۔۔۔یہ ساری جدید ترقی اسے چیخ چیخ کر ان گنت پہلو سمجھا رہی تھی۔اس نے گھبرا کر ٹی وی بند کردیا۔رات کے اس پہر خاموشی میں بھی اسے شور سنائی دینے لگا۔تائی امی کے کمرے سے آواز آنے پر اسکے قدم ان کے کمرے کی جانب بڑھے۔وہ بہت اطمینان سے تسبیح کے دانے گرارہی تھیں ۔یہ کیسا سکون تھا جو انھیں کوئی واٹس ایپ،انسٹا،چیٹ جی ٹی بی اور فیس بک استعمال نہ کرنے پر بھی میسر تھا۔انکے پاس وقت ہی وقت تھا۔اور وہ اپنے ہاتھ میں تھامے موبائل(جو ہر وقت کی ضروت بنا ہوا ہے) کو دیکھ کر حیرانی سے سوچنے لگی۔
موبائل اسکرین پر نئی اپ ڈیٹ کو نظر انداز کرکے وہ سماعتوں میں گونجنے والی ان گنت آوازوں کو دھکیل کردورسے آتی مؤذن کی آواز سننے لگی۔بڑھتی ترقی کے پیدا کردہ بے شمار مسائل کا حل دین سے قربت اوراللہ سے رجوع میں ہےجو اس جدید دور میں درپیش ہر چیلنج اور ہر بند راستے کھولنے پر قادر ہے۔
وہ یہ سمجھ گئی تھی کہ جدید تقاضوں کے پیشِ نظر ہر کوئی ایک دوسرے کو نوچ کھسوٹ کر آگے بڑھ جانا چاھتا ہے۔جسکا نقصان سبھی بھگت رہے ہیں۔کسی کے پاس کوئی حل نہیں ہر کوئی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو کر چلتا بنتا ہے۔پھر کیوں اس قدر اس متاثر کردینے والے دور سے تعلق رکھا جائے؟ جبکہ باقی کچھ نہیں رہنا۔اماں کی بتائی ہوئی دعا اسکے ہونٹوں پر تھی۔
یا مسبب الاسباب
و یا مفتح الابواب
اغثنی اغثنی اغثنی اغثنی
اے سبب پیدا کرنے والے
اے دروازوں کو کھولنے والے
میری مدد فرما۔۔۔



































