
ہاجرہ عبد المجید
مستقل مزاجی وہ خوبصورت صفت ہے جو آپ کوزندگی کے ہر میدان میں کامیابی کی ضمانت دیتی ہے۔ یہ وہ چراغ ہے جو اندھیروں میں بھی آپ کو راستہ
دکھاتا ہے کیونکہ ہر بڑا مقصد وقت، محنت اور لگاتار جدوجہد کا تقاضا کرتا ہے۔ کامیابی کسی چڑیا کےگھونسلے کی طرح نازک نہیں جو ایک جھونکے سے گر جائے، یہ پہاڑ کی طرح مضبوط ہوتی ہے، جو صرف صبر اور مستقل مزاجی کی کلہاڑی سے ہی سر کیا جا سکتا ہے جو لوگ آج کامیاب نظر آتے ہیں، ان کے پیچھے برسوں کی محنت، قربانیاں اور ان گنت راتوں کی بے سکونی چھپی ہوتی ہے۔
یاد رکھیں۔
"آپ کا عمل آپ کی تقدیر کا تعویذ ہے" آپ جو روز کرتےہیں، وہی آپ کو بناتا ہے۔ اچھی عادات وہ بیج ہیں جووقت کےساتھ ایک گھنے درخت میں تبدیل ہوتی ہیں مگر ان بیجوں کی آبیاری روز کی محنت سے ہی ممکن ہے۔ چھوٹے چھوٹے قدم شاید فوری طور پر کوئی بڑا طوفان پیدا نہ کریں مگر "قطرہ قطرہ دریا بنتا ہے"، اور یہی قطرے وقت کے ساتھ سمندر کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔آپ کا سفر کامیابی کی طرف تب ہی شروع ہوتا ہے جب آپ مستقل مزاجی کے ساتھ چھوٹے قدم اٹھاتے ہیں، اور یہ شعوری انتخاب ہے۔کامیاب لوگ جانتے ہیں کہ "بڑا وہی ہوتا ہے جو چھوٹی چھوٹی باتوں کو سنوارنا جانتا ہو" اس لیے ہر دن کا ایک چھوٹا قدم بھی منزل کے سفر کا حصہ بن جاتا ہے۔ عمل کرنے میں دیر نہ کریں کیونکہ "نیکی کرنے میں دیر اور برائی کرنے میں تیزی کامیابی کے دشمن ہیں"۔ پہلا قدم ہمیشہ مشکل لگتا ہے، مگر "دریا کو پار کرنے کے لیےپہلا چھلانگ ضروری ہے" ۔
روٹین کا انتخاب کرتے وقت یہ ضروری ہے کہ آپ ایسی روٹین بنائیں جو آپ طویل مدت تک جاری رکھ سکیں۔ بہت زیادہ سختی آپ کو جلد تھکا دے گی، جیسے "پہاڑ سر پر اٹھانے سے پہلے چھوٹے پتھر اٹھانا سیکھنا چاہیے" روزانہ کے چند گھنٹے کی مسلسل محنت وہ کلید ہے جو کامیابی کا دروازہ کھولتی ہے۔ عادات کو بنانے میں وقت لگتا ہے، مگر "وقت کا دریا کسی کا انتظار نہیں کرتا"، اس لیے مستقل مزاجی سے چلتے رہیں تو ایک دن یہی عادات آپ کی زندگی کا حصہ بن جائیں گی۔
اگر کبھی کبھار وقفہ لینے کی ضرورت ہوتو گھبرائیں نہیں، لیکن یہ یاد رکھیں کہ ایک دن کی تھکن معاف، مگر دو دن کی سستی مفلسی کا راستہ ہےجیسے مسافر کبھی کبھار رک کر سانس لیتا ہے، ویسے ہی آپ بھی آرام کر سکتے ہیں، مگر پھر واپس اپنی منزل کی طرف چلنا ہوگااور سب سے اہم بات یہ ہے کہ "انسان کی صحبت اس کی قسمت کا آئینہ ہوتی ہے" اپنے دوستوں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں، کیونکہ "کانچ کے ٹکڑے ہمیشہ پتھر سے ٹوٹتے ہیں، اور لوہا لوہے کو کاٹتا ہے". اسی لیے یاد رکھیں، "مستقل مزاجی ہی وہ کنجی ہے جو قسمت کے بند تالے کھولتی ہے۔




































