
اقراء منیر /حریمِ ادب
بزرگوں کا عالمی دن ہر سال یکم اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں بزرگوں کی اہمیت، ان کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے بارے میں شعور بیدار کرنا
ہے۔ اس دن کی ابتدا 1990ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے کی گئی تھی اور اس کے بعد سے ہر سال دنیا بھر میں یہ دن منایا جاتا ہے۔
بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ معاشرے اور خاندان کی خدمت میں گزارا ہوتا ہے ، اب بڑھاپے میں وہ ہماری توجہ، محبت اورعزت کے مستحق ہیں۔ بزرگوں کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کی قدر کریں۔ ان کے تجربات سے سیکھیں اور ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔
اس دن کے موقع پر مختلف تنظیمیں اور ادارے بزرگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مختلف تقریبات اور پروگرامز کا انعقاد کرتے ہیں۔ ان پروگرامز میں بزرگوں کے مسائل، صحت ، ان کی دیکھ بھال پر گفتگو کی جاتی ہے اور ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے مختلف منصوبے ترتیب دیے جاتے ہیں۔
بزرگوں کی دیکھ بھال اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس دن کا مقصد صرف تقریبات کا انعقاد کرنا نہیں بلکہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے کے ہر بزرگ کی عزت کریں گے۔ان کی ضروریات کا خیال رکھیں گے، ان کے ساتھ محبت اور خلوص کا مظاہرہ کریں گے۔بزرگوں کا عالمی دن ہمیں ان کی زندگی کی اہمیت کو سمجھنے اور ان کی خوشی اور سکون کے لئے کوشش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہی ہماری تہذیب اور انسانیت کا تقاضا ہے۔




































