
رپورٹ : انعم فاطمہ
جماعت اسلامی خواتین ضلع وسطی کے تحت علاقہ فاروق اعظم شادمان ٹاؤن میں تربیتی کورس کااہتمام کیا گیا جوچھ کلاسز پرمشتمل تھا۔ کورس کےاختتام
پراسناد تقسیم کی گئیں ۔
اس موقع پر ایک محفل منعقد کی گئی جس کا آغازتلاوت قرآن پاک سےکیا گیا،بعدازاں کلاس میں شامل تمام طالبات سےکلاس میں سکھائےجانےوالے اصولوں پرگروپ ڈسکشن کی گئی ۔ پروگرام کی مہمان خصوصی نائب ناظمہ جماعت اسلامی خواتین ضلع وسطی محترمہ نائلہ تھیں۔ نائب ناظمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری زندگی کےتمام مسائل کا حل صرف اور صرف قرآن پاک سےجڑنے میں ہے۔ آپ کواپنے رب کو راضى کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہیےجو آپ کا اولین فرض ہے، جب آپ کا رب آپ سے راضى ہو گا تو آپ کی دنیا وآخرت دونوں سنوار جائیں گے ۔
انہوں نےکہا کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے،اصل زندگی آخرت کی ہےجو ہمیشہ رہنے والی ہے،وہاں کوئی بوڑھا نہیں ہوگا۔ آپ کوہرطرح کی نعمتیں میسرہوں گی ۔ آپ کی خوبصورتی ہمیشہ رہےگی۔ کوئی مسائل نہیں ہوں گے۔آپ اللہ کےمدد گاربن جائیں اور اللہ کے دین کو نافذ کرنے کی زیادہ سے زیادہ جدوجہد جاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ الله کے ایسے بندوں کو دوست بنائیں جن کودیکھ کرالله یادآجائےآپ کی متاعِ حیات آپ کا کامل ایمان ہوناچاہیے، ہمیشہ اپنے ایمان کو بچانے کی فکر میں رہیں ۔ اس کے لیے آپ کو قرآن سے جڑنا بہت ضروری ہے ، اگر آج آپ قرآن سے نہیں جڑیں گےتو کل آپ کی اولادوں کا مستقبل محفوظ نہیں ہو پائےگا۔
پروگرام کا اختتام پرضلع کی نائب ناظمہ نائلہ اورعلاقہ فاروق اعظم شادمان کی ناظمہ وجہیہ سلمان نےاسناد اورکتب تقسیم کیں اوردعا کرواکرپروگرام کااختتام کیا۔




































