
تحریر: محمد عامر صدیقی
کہتے ہیں ! مرد کو جذبات سے نہیں ذمہ داریوں سے گوندھا گیا ہے۔اُس کی آنکھیں بھیگتی نہیں وہ خاموش سہتا ہے،اُس کی زبان کم گو رہتی ہے مگر اُس
کے ہاتھ دن رات محنت کے چراغ جلاتے ہیں۔
وہ شوہر بنتا ہے
باپ کہلاتا ہے۔
مگر کبھی محبت کا حقدار نہیں سمجھا جاتا۔ وہ جسے اپنے جینےکی ترجیح بناتا ہے،اکثر اُسی کی ترجیحات میں کہیں گم ہوجاتا ہے۔
شادی کے ابتدائی دن خوابوں جیسے ہوتے ہیں شرمائی نظریں چمکتے چہرے وعدوں سے لبریز لمحے۔ مرد جو برسوں خود کو مضبوط سخت اور بے نیاز ظاہر کرتا رہا اچانک کسی کی ایک مسکراہٹ پر پگھلنے لگتا ہے۔
بیوی ! کی باتوں میں اُسے سکون کا جہاں دکھائی دیتا ہے۔ وہ راتوں کو جاگتا ہے،دنوں کودوڑتا ہے،بس اس یقین کے ساتھ کہ اُس کی شریکِ حیات ہمیشہ اُس کا ساتھ دے گی۔
پھر وقت کروٹ لیتا ہے
بیوی ماں بن جاتی ہے
اور مرد باپ
مگر یہاں سےایک نیا باب کھلتا ہے جہاں عورت کا دل بچوں کی دنیا میں گھر بساتا ہےاورمرد جو کل تک اُس کی محبت کا مرکز تھا اب زندگی کے پس منظر میں ایک سایہ سا بن کر رہ جاتا ہے۔اُس کی آواز اُس کے جذبےاُس کی موجودگی سب کسی بےآواز کہانی کی مانند دھندلا جاتے ہیں۔
وہی مرد جو بچوں کے روشن کل کے لیے اپنے خواب قربان کرتا ہے اپنی ذات اپنی خواہشات مٹا دیتا ہے آہستہ آہستہ گھر کے ایک خاموش کردار میں ڈھل جاتا ہے۔ وہ روزی روٹی کی دوڑ میں تھک جاتا ہے مگر کبھی شکایت نہیں کرتا۔ وہ بچوں کے مستقبل کے لیے سب کچھ نچھاور کر دیتا ہے مگر جب وہی بچے اپنے سفر پر نکلتے ہیں تو باپ جو بچپن کا پہلا ہیرو تھا اب ایک رسمی وجود بن جاتا ہے بس تصویروں میں مسکراتا حقیقت میں تنہا۔
اور بیوی۔۔۔۔ ؟
جو کبھی اُس کی آنکھوں میں اپنے خواب تلاش کرتی تھی اب بچوں کےگردگھومتی ایک تھکی ہوئی دنیا کی مسافر بن جاتی ہے۔اُسے شوہر کی تھکن چہرے کی جھریاں دل کی تنہائی نظر ہی نہیں آتی،ایسے میں مرد خاموش ہو جاتا ہے،اُس کی مسکراہٹوں سے زندگی کی چمک رخصت ہو جاتی ہے۔ دل کی گہرائیوں میں ایک بےصدا سوال ابھرتا ہے۔
"کیا میں صرف ایک سہارا تھا۔۔۔؟ کیا میرا وجود صرف ذمہ داریوں کے لیے تھا۔۔۔؟"
اب جب نہ بیوی اُسے محسوس کرتی ہےنہ اولاد اُسے یاد رکھتی ہے تو وہ مرد جو سب کے لیے جیتا رہا خود کے لیے جینا بھول جاتا ہے۔
بیوی کو یہ یاد رکھنا ضروری ہے
شوہر صرف بچوں کا باپ نہیں ہوتا وہ زندگی کا وہ ہمسفرہےجس نے ہرموڑپروفا کی چادر تان کر ساتھ نبھایا۔
اور باپ۔۔۔۔ صرف ضرورتوں کا پُل نہیں وہ وہ سایہ ہے جس کی چھاؤں نے بچپن کو محفوظ بنایا اور جس کے بغیر یہ چھت کبھی مکمل نہ تھی۔
محبت بانٹیں
احساس کیجیےکیونکہ مرد بھی محبت اور شکرگزاری کا مستحق ہے۔



































