
محمد عامر صدیقی
جب تک موبائل فون اور انٹرنیٹ عام انسان کی دسترس میں نہیں آئے تھے، ہم دین اسلام کے تقاضوں کو اپنے محدود ذرائع سے سیکھتے اور سمجھتے تھے ۔ مسجددینی مدارس، علمائے
کرام کے خطابات اور کتابیں ہمارے سیکھنے کے بنیادی وسیلہ تھے۔ ان ذرائع سے ہمیں دین کی وہ تعلیم ملتی تھی جو صدیوں سے چلی آرہی تھی جس میں تحقیق سچائی اور تسلسل کا ایک معیار قائم تھا۔ اساتذہ کے قدموں میں بیٹھنا سعادت سمجھی جاتی تھی اور علم ایک امانت تھا جسے صرف اہلِ علم کے ذریعے حاصل کیا جاتا۔ یہ علم دل میں اتر کر کردار کا حصہ بنتا ،ایک ایک لفظ میں تحقیق، تقویٰ اور دیانت کی خوشبو ہوتی۔
مگر آج۔۔۔؟ ایک نیا زمانہ ایک نیا منظر نامہ ہے
موبائل کی اسکرین پر انگلی رکھیں اور دین کے درجنوں "نئے مجتہدین" آپ کےسامنے حاضر سوشل میڈیا کے منبر پر بیٹھ کرہرشخص عالم، مفتی، اور مجتہد بنا ہوا ہے۔ ایک دن کوئی نئی تفسیر سامنے آتی ہے ،دوسرے دن ایک پرانی روایت کو "منسوخ" قرار دیا جاتا ہے۔ قرآن جو وحدت کا پیغام تھا آج مختلف فقہی رنگوں میں الجھ کر امت کو مزید تقسیم کر رہا ہے۔
آخر قصوروار کون ہے۔۔۔؟
کیا قصور ان وی لاگرز ، ٹک ٹاکرز"مفتیوں"اور انسٹاگرام کے "عالموں" کا ہے۔۔۔؟
یقیناً ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو بغیر علم، بغیر استاد، بغیر تحقیق محض شہرت، لائکس، اور فالوورز کے لیےدین کا بازار لگا بیٹھے ہیں۔ یہ دین کو ایک "برانڈ " سمجھ کر پیش کرتے ہیں کیا صرف یہ قصوروار ہیں۔۔۔؟
نہیں! قصور ہمارا بھی ہے ہم جو سچ اور جھوٹ کی تمیز کیے بغیر ہرویڈیوشیئر کرتےہیں ہر کلپ پر "سبحان اللہ" لکھ دیتے ہیں اورسنی سنائی باتوں پر ایمان لےآتےہیں۔علم حاصل کرنا عبادت ہے مگر علم کے نام پر ہر بات مان لینا نادانی ہے۔
یہ ایک لمحۂ فکریہ ہے
کیا ہم یونہی تماشا دیکھتے رہیں گے۔۔۔؟
کیا دین کا علم بھی اب فیشن کے تابع ہوگا۔۔۔؟
کیا جذباتی تقاریر، آدھی ادھوری معلومات اور گمراہ کن بیانات امت کو مزید الجھاتے رہیں گے۔۔۔؟
حکومت کی سطح پر فوری اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا پر دین کے نام پر بات کرنے والوں کے لیے لازمی ہونا چاہیےکہ ان کے پاس مستند اداروں کی سند ہو جو شخص قرآن و حدیث کی تشریح عوام کے سامنے کرے اس کے علم و کردار کی جانچ ضروری ہے۔
ایسا کوئی قانون بننا چاہیے جس کے تحت بغیر سند اور تحقیق دین بیان کرنےپرسخت کارروائی ہو جس طرح طب، قانون، اور انجینئرنگ میں غیرمستند افراد کو اجازت نہیں دی جاتی،۔دین جو کہ روحانی اور اجتماعی زندگی کی بنیاد ہے ،اس میں بھی ایسی ہی احتیاط لازم ہے۔
ہم کیا کریں۔۔۔؟
ہمیں خود بھی محتاط ہونا ہوگا ہر ویڈیو، ہر پوسٹ، ہر تقریر پر آنکھیں بند کر کے ایمان نہ لائیں۔ معتبرعلماء، مستند کتب، اور تحقیق شدہ ذرائع سے علم حاصل کریں۔ جہاں شک ہو وہاں سوال کریں۔
یاد رکھیں: دین کوئی وقتی فیشن نہیں نہ ہی یہ جذبات کی رو میں بہا دینے والی چیز ہے۔ یہ صدیوں کی ایک زندہ معتدل اور حکیمانہ روایت ہے۔
اگر ہم خاموش رہے تو دین کے نام پر پھیلنے والا یہ فتنہ مزید بڑھے گا، اگر ہم نے آج عقل، علم، اور فہم کا چراغ نہ جلایا تو کل کی نسلیں اندھیروں میں بھٹکیں گی اور اس کے ذمہ دار ہم ہوں گے۔
فیصلہ ہمیں کرنا ہے: یا تو ہم سوشل میڈیا کےشور میں گم ہو جائیں یا پھر صدیوں کی روشن علمی روایت کو تھام کر آگے بڑھیں۔



































