
محمد عامر صدیقی
جنہیں حاکم سمجھ بیٹھے تھے ہم اور تم وہ کم ظرف ہی میرے وطن کی دلالی کر رہے ہیں۔ ایوانوں میں جشن بدستور جاری ہیں عوام کی آنکھوں میں اندھیرے ہیں اور حکمرانوں کے
محلات روشنی میں نہائے ہوئے ہیں، سچ یہ ہے کہ ایک طرف غریب کی ہڈیوں سے گوشت تک نوچ لیا گیا ہے اور دوسری طرف شاہی قافلے، لمبے پروٹوکول ،ذاتی جہاز غیر ملکی دورے ملنے والی مراعات ، تنخواہوں میں بے تحاشہ اضافہ اور وہ عیاشیاں جنہیں دیکھ کر خود عیاشی شرما جائے اور وہ بھی عوام کے پیسوں سے،جنہیں ہم نے ووٹ دیے دعائیں دیں اور امیدیں باندھیں آج وہی ہماری گردنوں پر اقتدار کی بھٹی دہکا رہے ہیں وہ نشۂ حکومت میں اتنے مدہوش ہیں کہ بھول چکے ہیں جن کندھوں پر سوار ہو کر وہ مسند اقتدار تک پہنچے وہ کندھے بوجھ تلے دبتے جا رہے ہیں۔ کانپتے پسینے میں بھیگے کمزور۔ بجلی کا بل آئےتو غریب کا دل رک جائے، بچوں کی فیس بھرنے کا وقت آئے تو ماں کی آنکھیں بھیگ جائیں اور جب چولہے میں آگ نہ ہو تو باپ چھت کی طرف دیکھے شاید آسمان سے کوئی فرشتہ اتر آئےمگر کہاں! اس آسمان پر بھی وہی قابض ہیں جو زمین پر خدا بنے بیٹھے ہیں۔
یہ کیسی ریاست ہے جہاں پارلیمان کے قالین کروڑوں کے ہوں اور عوام کے تن پر چیتھڑے۔۔۔؟ * یہ کیسی حکومت ہے جو دال پر سبسڈی ختم کر کے وزیر کے لیے نئی لینڈ کروزر خریدتی ہے۔۔۔؟اور پھر فرمایا جائے ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔نہیں نہیں صاحب! ملک نہیں ہم ( عوام ) گزر رہے ہیں۔وہ نہیں جن کے گھروں میں دن رات اے سی چلتے ہیں بلکہ وہ جن کے گھروں میں پنکھا بھی بجلی کے بل کےخوف سے بند ہے۔
عوام جو ریاست کے اصل وارث ہیں جب فاقہ کشی پر مجبور ہوں اور اشرافیہ نئےمحلات نئی کوٹھیاں اوراپنےرشتہ داروں کو مراعات سے نوازنے میں مصروف ہو تو یہ نظام "ریاست" نہیں رہتا ایک ظالمانہ مذاق بن جاتا ہے،آج یہی مذاق ہمارے سامنےہورہا ہےاور ہم خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔معیشت کے نام پر جو کھیل کھیلا جا رہا ہے وہ تجارت نہیں قومی غیرت کی نیلامی ہے۔
کبھی آئی ایم ایف کے قدموں میں گرنا
کبھی قومی ادارے بیچ دینا
کبھی دوست ممالک کے آگے کشکول پھیلانا۔یہ خودمختاری نہیں خودسپردگی ہے۔ افسوس یہ سب ایسے انداز میں کیا جا رہا ہے گویا کوئی فتوحات ہو رہی ہوں۔آج کا تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھ میں ڈگری لیے دربدر ہےاور وزیر کا بیٹا لندن میں عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے لاکھوں کی فیس دے کر پڑھ رہا ہے۔انصاف کے کٹہرے میں غریب کھڑا ہے اور امیروں کی فائلیں کمیٹیوں کی الماریوں میں دفن ہیں۔
وہ کمیٹیاں جو بنائی ہی اس لیے جاتی ہیں کہ وقت گزرتا رہے جیسے کسی لاش پر چند رسمی آیات پڑھ دی جائیں۔ہم کب تک فٹ پاتھوں پر سوتے رہیں گے ،جب ایوانوں میں سونے کے پلنگ بچھے ہوں۔۔۔؟ کب تک ہماری بیٹیاں جہیز نہ ہونے کے باعث کنواری دفن ہوتی رہیں گی جبکہ وزیر کی بیٹی کی شادی پر ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے آتشبازی میں لاکھوں اڑا دیئے جائیں۔۔۔؟
ہمیں اب الفاظ سے آگے بڑھ کر شعور جگانا ہوگا۔اگر ہم خاموش رہے تو یہ خاموشی صرف آج کی نسل نہیں آنے والی نسلوں کو بھی غلامی اور فاقے کی وراثت دے گی اور کل وہ ہم سے سوال کریں گے۔ آپ نے ہمارے لیے کیا چھوڑا۔۔۔؟ تو کیا ہم یہ جواب دیں گے کچھ نہیں۔۔۔۔ سوائے حکمرانوں کی عیاشیوں کا بل جو ہم نے اپنی خاموشی سے برداشت کیا۔۔۔۔؟ اگر ایسا ہے تو پھر ہم واقعی اس نظام کے خاموش مجرم ہوں گے۔
نوٹ : ایڈیٹر کابلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ : رنگ نو )



































