
ہما عدیل
کاش کہ مون سون کے خوبصورت موسم میں میرے شہر کی بارش کے پانی سےگیلی صاف ستھری سڑکیں، گلیاں کسی پراسرار رومانی کہانی کا منظرپیش کرتیں۔ کاش صدر اور برنس روڈ
کے پرانے علاقے اورتاریخی عمارتیں ، بارش کے بعد یوں جگمگاتیں جیسے امریکی مصور تھامس کنکیڈ کی پینٹنگز کا کوئی منظر ہو۔ نمی اور خوابیدہ روشنی میں لپٹا ہوا ۔۔مگر میرا کراچی جو ملک کی معیشت کا دل ہے خود شدید ترین بیمار ہے۔ کراچی جومنی پاکستان ہےکہ یہاں پورے ملک کےرنگ،زبانیں اور ذائقے ملتے ہیں ۔ یہ شہر جو ملک کو تقریباً 60 فیصد ریونیو دیتا ہے ، 70 فیصد کسٹم ڈیوٹیز کی مد سب سے بڑا حصہ دارہےمگرافسوس اس شہر کی سڑکیں بارش کے چند قطروں کے بعد ندی نالے بن جاتیں ہیں ۔ اس دفعہ کی مون سون کی بارش میں کراچی جس طرح ڈوبا ہے سب کے سامنے ہے۔ یہ بات کس سے ڈھکی چھپی نہیں کہ کراچی کے مسائل کی سب سےبڑی وجہ کرپشن ، اختیارات کی جنگ، عوامی نمائندوں کو نمائندگی سے محروم رکھنا ہے ۔ پیپلز پارٹی جو گزشتہ 17 سال سے صوبائی حکومت میں ہے ، تقریباً دو سال سےمیئران کاہے۔ ایم کیو ایم جو کئی دہائیوں تک کراچی کی سب سے بڑی اور مضبوط سیاسی قوت رہی مگر کراچی کوعالمی معیار کا شہر بنانے کے بجائےصرف ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔دونوں جماعتیں ہی کسی نا کسی صورت وفاقی حکومت میں بھی شامل رہی ہیں، لہٰذا فنڈز کی کمی اور اختیارات کا رونا تو بنتا ہی نہیں ۔ اصل معاملہ غیر سنجیدہ اور غیر مخلصانہ رویہ ہے۔اتنے عرصے سے شہر کی حکومت پر قابض ہونے کے باوجود کسی نے سنجیدگی سے کوئی ایسا مستقل نظام نہیں بنایا کہ جس پر شہر کی زندگی خودکار طریقے سے چل سکے۔غیر منظم انفرااسٹرکچر ، عوام کے صبر کا امتحان لیتے کچرے کے ڈھیر ، بوسیدہ ہوتا ٹرانسپورٹ نظام ، ٹوٹی سڑکیں ، غیر قانونی انکروچمنٹ ، کہیں کنسٹرکشن اور بلڈنگ مافیا اور کہیں ٹینکر مافیا ۔ کہیں بے قابو ہوتے ترقیاتی منصوبے نے کراچی میں قدرت کے خوبصورت تحفہ مینگروز کو نقصان پہنچایا۔ نالوں کے راستوں پر غیر قانونی تعمیرات نےشہرکےڈرینج سسٹم کو تباہ کیا۔ایک سرکاری سروے کے مطابق، شہر کے 27 اہم ڈرینج چینلز پر 5 سے 80 فیصد تک تجاوزات ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے بارش کے پانی کا قدرتی بہاؤ رک جاتا ہے اور شہر کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بروقت اور موثر طریقے سے نالوں کی صفائی بھی ممکن نہیں ہوسکی۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کا ڈرینج سیسٹم عام شہروں کی طرح صرف 40 ملی میٹر بارش سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ حالیہ بارشیں 145–178 ملی میٹر تک پہنچ گئیں جس نے ڈرینج سسٹم کو مکمل طور پر اوور لوڈ کر دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ کراچی کا معاملہ اتنا سنگین ہے کہ جب تک تمام سیاسی جماعتیں اور متعلقہ ادارے ایک میز پر نہیں بیٹھیں گے اور اس معاملے کو قومی سطح پر سنجیدگی سے نہیں لیں گے تو کراچی کے مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے اور اس کا سسکتا ہوا انفرااسٹرکچر خاموشی سے دم توڑ دے گا ۔ اگر سنگاپور جو 1960 تک کرپشن اور غربت کا مرکز تھا ، دنیا کے صاف ترین اور ایڈوانس شہر میں تبدیل ہو سکتا ہے ، اگر کوالالمپور ایک بہترین جدید ٹرانسپورٹ سسٹم بنا سکتا ہے اور عالمی بزنس حب بن سکتا ہے ، اگر استنبول اپنے کرپشن ، آلودگی اور بےہنگم ٹریفک کے مسائل کو حل کرکے ، اپنے تاریخی ورثے کے ساتھ ساتھ جدید انفرااسٹرکچر کھڑا کر سکتا ہے اور ایک خوبصورت سیاحتی شہر بن سکتا ہے ۔۔۔تو پھر کراچی کیوں نہیں ۔



































