
ہما عدیل
"بھائی تم نےتو واقعی میرے کان اتنےبڑے بنادیےہیں جیسےمیری بیوی کہتی ہے،دوانٹینے"۔اپنا کیریکیچر اسکیچ دیکھتے ہوئے بزنس مین نےقہقہہ لگا کر کہا اورآس پاس کھڑے
لوگ بھی اس کے قہقہےمیں بڑھ چڑھ کر شریک ہوئے۔یوں لگتا تھاکہ جیسےخضر کی پنسل کےلمس نےمحفل کو کشت زعفران بنا دیاہو۔وہ تیز روشنیوں سےبھرے اندلسین بینکیوٹ کے ہال میں ایک کونے میں اپنی کرسی پر بیٹھا تھا ۔ دبلا پتلا نوجوان ، سر پر ایک گہرا نیلا بنڈانا باندھا ہواتھاجس کے کنارے کہیں سے آتی اے سی کی ہوا سے ہل رہے تھے ۔باقی شرکاء کے پر تکلف ملبوسات سےبالکل مختلف وہ اپنی جینز اور ٹی شرٹ میں اور بھی بےفکر فنکارسالگ رہا تھا ۔ ہاتھ میں پنسل ،سامنے خالی کاغذ اور اس کےگرد لوگوں کا دائرہ جو خضر سے اپنے مزاحیہ اسکیچ بنوانے کھڑے تھے۔ خضر اپنے مشاہدے سے لمحہ بھر میں چہروں کو پڑھ کر ان کی ہنسی۔۔۔چہروں کے پیچھےچھپی حیرت اور کبھی غرور کو لکیروں میں قید کرسکتا تھا ۔ وہ فائن آرٹس کرنے کے بعد مستقل اپنے آپ کو ایک آرٹسٹ منوانے کی جدوجہد میں لگاہوا تھا لیکن ایک آرٹسٹ کے لئے اپنے آرٹ کو منوانا اور اس سے کمانا ایسا ہی ہے جیسے روایتی طریقہ سے ساور دو بریڈ بنانا،یعنی انتہائی صبر طلب مرحلہ۔وہ مختلف نمائشوں میں اپنا کام لےکرجاتا مگر شہر کی بڑی گیلریوں کے دروازے اکثر اس کے لئے بند ہی رہتے۔ کسی کے مطابق اس کا کام سنجیدہ آرٹ نہیں تھا کہ کسی کی نظر میں اس کے آرٹ میں گہرائی نہیں تھی۔ وہ بار بار لوگوں کے مشورے سن کر کینوس کی طرف جاتا مگر پھر اس کا دل بھاگ کر کارٹون جیسےچہروں کی طرف آجاتا۔ خضر اس وقت ایک بڑی فرم کی پروموشن تقریب میں بیٹھا تھا ۔ وہ اکثر ایسی تقریبات میں شریک ہوتا ۔ اس سے اسے دو فائدے ہوتے،ایک تو ایسی تقریبات میں کیریکیچر آرٹسٹ کے طور پر اسے کچھ پیسے مل جاتے اور دوسرا وہ چند گھنٹوں کے لیے اپنی مایوسیوں کو بھلا دیتا۔ لوگ اس کے اردگرد جمع ہوجاتے ، اپنے اسکیچ بنواتے، خوش ہوتے ،قہقہے لگاتے اور وہ خود کو ایک لمحے کے لیے کامیاب فنکار محسوس کرنے لگتا ۔۔۔
لگاتار اسکیچ بنانے کے بعد خضر نے تھوڑی دیر کا وقفہ لیا۔ پانی کےخالی گلاس کو میز پر رکھنے کے بعد جیسے ہی وہ واپس اپنی کرسی پر سیدھا ہوا تو اس کے سامنے کرسی پر ایک لڑکی بیٹھی تھی۔سادہ مگر پرکشش چہرے پر انتہائی سنجیدگی اور آنکھوں میں گہری اداسی ۔ اس کو دیکھ کر خضر جیسےایک لمحے کو چونکا،اس کی سادگی میں ایسی کشش تھی جیسے بارش کے موسم میں تازہ کافی کی مدھم سی اٹھتی بھاپ ، خاموش مگر دل کو اپنی طرف کھینچ لینے والی۔وہ لڑکی چپ بیٹھی تھی ۔۔۔ بغیر کچھ کہے ۔ خضر کے ہاتھ خودبخود پنسل کی طرف بڑھے،چند ہی لمحوں میں اس نے لڑکی کا کیریکیچر اسکیچ بنادیا۔۔۔۔مگر ہنسی مذاق میں نہیں بلکہ نرمی اوراحترام کے ساتھ ۔۔۔۔کاغذ پر اس لڑکی کے چہرے پر مسکراہٹ ابھر آئی تھی گو کہ آنکھیں اس کی حقیقی آنکھوں سے کافی بڑی تھیں لیکن وہ اسکیچ کو اور بھی زیادہ خوبصورت بنارہی تھیں،جب خضر نے کاغذ لڑکی کے حوالے کیا تو وہ حیران رہ گئی۔ اس کی آنکھوں میں نمی تھی۔"یہ تو بلکل میری امی کی مسکراہٹ ہے۔۔۔یہ تو بالکل میری امی ہیں جواب ہم میں نہیں،صرف یادوں میں رہ گئی ہیں "۔ لڑکی اس وقت صرف مسکرا نہیں رہی تھی بلکہ خوشی کے جذبات کے ساتھ وہ پوری طرح ہنس رہی تھی۔ اس کےگال اورآنکھیں،ہال کی جگمگاتی روشنیوں میں موتیوں کی طرح چمک رہے تھے۔خضرکےاندرجیسےبجلی سی دوڑ گئی تھی ۔ اسے
احساس ہوا کہ اس کاآرٹ صرف لکیروں کو نہیں جوڑتا بلکہ آج اس کےآرٹ نےکسی انسان کو اس کے ماضی کی یادوں اور دل سے جوڑ دیا ہے ،وہ پہلی بار سمجھا کہ اس کا فن چہروں کے پیچھے چھپی سچائی تلاش کرتاہے۔وہ کسی کے درد، کسی کے دکھ کومزاح میں تبدیل کرکے اس انسان کو نئی امید دے سکتا ہےاور ہنسا سکتا ہے۔ اسی لمحے خضر نے خود کو ایک آرٹسٹ مان لیا ، نہ گیلری کی ضرورت،نہ کسی بڑے نقاد کی تعریف ۔آرٹ تو وہ ہی ہے جو انسان کو انسان سے جوڑے، جو نئی امیدیں پیدا کرے، جو مسکراہٹیں بکھیر دے ۔
باہر پانی پر کشتیاں جھلمل روشنیوں میں تیررہی تھیں مگر خضر کے اندر کی روشنی کہیں زیادہ روشن ہوچکی تھی ۔



































