
لبنی اسد/ کراچی
پاکستانی ٹی وی ڈرامے طویل عرصے تک ہماری ثقافت اورمعاشرتی رویوں کا عکاسی کرتے رہےہیں۔ان ڈراموں نے نہ صرف ناظرین کو تفریح فراہم کی
ہے بلکہ معاشرے پر گہرے اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ یہ اثرات مثبت اور منفی دونوں قسم کے ہیں، جو ناظرین کی سوچ، عادات اور طرزِ زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
پاکستانی ڈرامے اکثر سماجی مسائل جیسے خواتین کے حقوق،گھریلوتشدد، تعلیم کی اہمیت اورمعاشرتی ناہمواریوں کواجاگر کرتےہیں۔ یہ مسائل ڈراموں کے ذریعے عوام کے سامنے آتے ہیں اور ان پر گفتگو کو فروغ دیتے ہیں۔پاکستانی ڈرامے ہماری ثقافت، روایات اور اقدار کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔زیادہ تر ڈراموں میں خاندانی رشتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے جو ناظرین کو ان رشتوں کی قدر کرنے کا سبق دیتے ہیں۔
کئی ڈرامے تعلیم، خواتین کی خودمختاری اورپیشہ ورانہ کامیابی جیسےموضوعات کو فروغ دیتے ہیں جولوگوں میں شعور اور ترقی کی ترغیب پیدا کرتے ہیں۔ یہ سب آ ج سے بیس سال پہلے کے ڈراموں میں نظر آ تا تھا لیکن آج کے ڈرامے منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں ،بعض ڈراموں میں ایسی کہانیاں پیش کرتے ہیں جو حقیقت سے دور ہوتی ہیں۔ ان میں لگژری لائف اسٹائل اور غیر ضروری ڈرامائیت دکھائی جاتی ہے، جس سے ناظرین کی توقعات غیر حقیقی ہو جاتی ہیں۔بعض اوقات منفی کرداروں کو اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے کہ وہ ناظرین کے لیے متاثر کن بن جاتے ہیں جو اخلاقی اقدار کو نقصان پہنچاتے ہیں۔کچھ ڈرامے خواتین کے روایتی کرداروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں جس سے صنفی عدم مساوات کی حمایت ہوتی ہے۔
کچھ ڈرامے مذہبی اور ثقافتی اقدار کو صحیح طریقے سے پیش نہیں کرتے جس سے نوجوان نسل گمراہ ہوسکتی ہے،اس کےعلاوہ طلاق کو عام سی بات بنا کر پیش کیا جانا،غیر مرد وعورت کا ایک ساتھ رہنا ،دیور بھابھی کا عشق ،سالی بہنوئی کا عشق آ ج کل کے ڈراموں کا لازمی جز بن گیا ہے جس کا نتیجہ عوام میں نظر بھی آ تا ہے جبکہ پاکستانی ٹی وی ڈرامے معاشرتی رویوں پر گہرے اثرات چھوڑتے ہیں۔ یہ اثرات مثبت بھی ہو سکتے ہیں اور منفی بھی۔ اس کا انحصار ڈرامے کی کہانی، پیغام اور پیشکش پر ہوتا ہے۔ اگر ڈراموں میں معیاری اور ذمہ دارانہ مواد پیش کیا جائے تو یہ معاشرے کو بہتری کی طرف لے جا سکتے ہیں۔اس کے برعکس، غیر ذمہ دارانہ مواد منفی رجحانات کو فروغ دیتا ہے لہٰذا، ناظرین اور پروڈیوسرز دونوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ٹی وی ڈراموں کے اثرات کو سمجھتے ہوئے ان کا انتخاب کریں اور عوام اور نوجوان نسل کو مثبت پیغام دیں۔




































