
عبد الرحیم خان / کراچی
تاریخ کے صفحات پر کچھ دن ہمیشہ کےلیے نقش ہو جاتے ہیں اوردس مئی بھی ان ہی دنوں میں سےایک ہے۔ یہ دن نہ صرف ایک عظیم جنگ کا گواہ بنا،
بلکہ اس نے پاکستان کےقومی وقار، عسکری برتری اوراجتماعی عزم کو دنیاکےسامنےایک نئےاندازمیں متعارف کروایا۔ اس معرکے نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو ایک نئے موڑ پر لا کھڑا کیا ہے، جس کے اثرات نہ صرف اس خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
ماضی قریب تک پاکستان کو بین الاقوامی سطح پرناکام ریاست یاغیرمستحکم ملک کےطورپرپیش کیاجاتارہا۔ ہمارے دشمن اورناقدین ہمیں معاشی اور سیاسی کمزوریوں کے تناظر میں دیکھ کر ہمارے وجود کو کمزور سمجھتے تھے۔ دوسری طرف بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی پشت پناہی سے خود کو اس خطے کا واحد طاقتور ملک مجھ بیٹھا تھا۔ وہ خطے پراپنی مرضی مسلط کرنے اور دوسروں کو تابع رکھنے کے خواب دیکھ رہا تھالیکن دس مئی کی جنگ نے نہ صرف اس کے یہ خواب چکنا چور کر دیے بلکہ اس کے غرور کو بھی خاک میں ملا دیا۔
اس تاریخی دن، پاکستان نے نہ صرف ایک فوجی معرکہ جیتا بلکہ ایک نظریاتی اور سفارتی جنگ میں بھی فتح حاصل کی۔ پاکستان کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی نے ثابت کیا کہ ہم نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ دشمن کو اُس کی زبان میں جواب دینے کی جرأت اور قابلیت بھی رکھتے ہیں۔ ہماری افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔
یہ کامیابی صرف پاکستان کی نہیں بلکہ پوری اُمت مسلمہ کےلیےباعثِ فخر ہے۔کئی دہائیوں کے بعد دنیا نے دیکھا کہ ایک مسلمان ملک نے یہود و ہنود کے گٹھ جوڑ کو شکست دی ہے۔ عرب دنیا اور مسلم ریاستوں نے پاکستان کی اس جرأت کو سراہا اور پاکستان کو ایک حقیقی مدافع قوت کے طور پر تسلیم کیا۔ عالمی میڈیاجو اکثر پاکستان کے منفی پہلوؤں کو اجاگر کرتا رہا ہے، اب ہماری دفاعی صلاحیتوں اور ذمہ دار رویے کو سراہنے پر مجبور ہوا ہے۔
یقیناً یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل، ہماری قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ آج کا دن ہم سب کے لیے فخر کا لمحہ ہے لیکن ساتھ ہی یہ لمحہ ہمیں ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔ دشمن اپنی شکست تسلیم نہیں کرے گا، وہ چالاکی، پروپیگنڈا اور سازشوں کا سہارا لے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اندر اتحاد پیدا کریں، داخلی استحکام کی طرف قدم بڑھائیں اور تعلیم، معیشت، اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خود کفالت کی راہیں تلاش کریں۔
پاکستانی قوم کوآج اپنی تاریخ کےاس روشن باب پر فخرکرنا چاہیےاوراپنےملک کو مضبوط اورباوقار بنانےکےلیےکردارادا کرنا چاہیے۔ یہ ملک ہم سب کی امید ہےکہ یہ ہماری پہچان ہےاور یہی ہماری آنے والی نسلوں کا فخر ہے۔



































