
رضی الدین سید/ کراچی
میاں مرزا گلبدن ، بہت دنوں سے خیال تھا کہ بارے رابطے کی کوئی شکل نکالی جائے ۔ کچھ راہ ورسم تم سےتیز کی
جائے۔مگر کوئی حل سمجھ میں آ ّکے نہ دیتاتھا ۔ میا ں نہ تمہارا کوئی فون نمبر، نہ اتا پتا۔ بھائی کہاں رہتے ہو؟۔ کہاں ملتے ہو؟ ۔ ہم تو جب تک رہے زمین ہی پر قدم رکھے رہے۔ چاند تو بہت دور پرے لگتا تھا۔ رسائی وہاں تک ہو نہیں سکتی تھی۔ تمہارے بار ے میں یک نہ شد دو شد، دوخواب تمہاری نقل و حرکت کے مسلسل دکھائی دیے توگمان گذرا کہ تمہاری سانسیں اب تک چل رہی ہیں، تم جی رہے ہو۔
کتنی خوشی ہوئی تمہیں چلتا پھرتا دیکھ کر، اظہار کے لئے بخدا الفاظ کم پڑرہے ہیں!۔ اگرچہ کہ مابدولت کہہ چکےہیں کہ ’’ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں‘‘ اوربہت کچھ ہم کہہ بھی سکتے تھے۔ ’’پرکیا کریں کہ ہوگئے ناچارجی سے ہم‘‘۔ بیان کرنہیں سکتے۔ سکتہ سا ہوجاتاہے، سانس کی چلت پھرت اوپر نیچے ہوجاتی ہے۔
میاں یہاں آنے والا ایک ادیب ماجرا بیان کررہاتھا کہ اب مغرب میں سات سمندر پار بھی اردوزبان کا چرچا خو ب ہورہا ہے۔ علمی جامعات میں اس کے شعبے بھی کھلنے لگے ہیں ۔ سنا تو خوشی سے دل بھرآیا۔اورکیوں نہ بھر آئے ؟۔’’دل ہی تو ہے نہ سنگ و خشت, درد سے بھر نہ آئے کیوں؟‘‘۔ حد درجہ حیرت سے دوچار ہوا۔ میاں واقعی کیا یہ بات سچ ہے؟ کیا سمندر پار کے لوگ بھی اب اردو کے دیوانے ہونے لگے ہیں؟ کیا ہماری زبان وہاں تک بھی رسائی حاصل کرچکی ہے؟۔ہمارے زمانے میں تو میاں’’ اردوئے معلی‘‘ بس ’’قلعہ معلی‘‘ہی تک محدود ہوکر رہ گئی تھی۔ غدر نے ایسا خوف پید اکردیاتھا کہ بارے سب ہی اہلِ قلم بیچارے خاموش ہوکے بیٹھ گئے تھے۔
سو خیا ل آیا کہ لائو پھر سے کوشش کرکے دیکھیں ۔ شاید کہیں سے کوئی راستہ نکل ہی آئے۔ اس واسطے کہ دانا کہہ گئے ہیں ،اورکہہ کے رخصت ہوگئے ہیں ، کہ اماں ڈھونڈے سے تو خدا بھی مل جاتاہے۔ سوتمام پر پرزے نکالے۔ مت جانو مرزا گلبدن ،کہ تمہارے پر پرزے!۔ نہیں میا ں ۔ بخدا ہمارے پر پرزے ۔یعنی کاغذات کے پر پرزے! ۔
سو شکرکہ کہیں سے یک دم تمہارے نام کی لاٹری نکل آئی۔ مطلب تمہاری خاطراس کا آسان کئے دیتے ہیں۔یعنی تمہارے نام کا گوروں کا دیا ہوا ’ای میل‘ نکل آیا۔سو قدرے قرار آیا،جان میں جان آئی!۔ اس واسطے کہ اب تم سے خط و کتابت اوررازو نیاز کا درکھل سکے گا ۔ مگر بہ ایں ہمہ دلِ بے قرار پھر بھی بھر آیا ۔ بھائی گلبدن،کیوں نہ ہو؟۔ ’’دل ہی تو ہے ،نہ سنگ و خشت۔درد سے بھر نہ ّآئے کیوں؟‘‘۔ آنسو ٹپک ٹپک پڑے کیو ں کہ ایک زمانہ تم سے بچھڑے ہوگیا ہے۔ اب ہم تو میاں یہاں کے قاعدے قوانین کے باعث اوپر سے نیچے نہیں آسکتے۔ ہاں مگر مرزا تم تو ایسا کر ہی سکتے ہو۔ ہمت کرکے تم ہی یکبارگی زمین سے اوپر آسمان پر آجائو۔ ہم سمجھائیں تم کوکہ یہاں مکان بھی ماشااللہ بہت بڑاہے اور سہولت بھی اس میں بے پایاں ہے۔مرزابخداسچ کہتاہوں بہت لطف رہےگا۔ گاہے گاہےشغل مے بھی ہوتا رہے گا اور شغلِ غزل بھی !
یہیں آکر میری سمجھ میں آیا میاں کہ جو کچھ بھی زمین میں کرنا ہو ، سب کچھ آسمان ہی کی خاطر کیا کرو ۔ کس واسطے مرزا کہ ،دائمی زندگی اور دوامی عیش و آرام بس یہیں کے ہیں ۔زمینی زندگی توبس بربادکردینےوالی ہی ہے۔
میاں یہ تو محض جذبات ہیں ، از راہ نصیحت نوکِ زباں پر آگئے۔ ’’غم کا خارِ مُغیلاں بھلا کب کسی کوچین سے بیٹھنے دیتاہے؟‘‘۔ ہم تو تائب ہوتے ہوئے بھی یہی کہیں گےکہ اماں جہاں رہو، خوش رہو،زمین پررہو یا آسمان پررہو!۔ اس واسطےکہ تم تو شاید نہیں مگر دماغ تو آسمان پر رہ ہی سکتاہے۔
پس شاد رہو،خوش رہو،مگر شغل مے وبادہ سے باز رہو۔ سبب اس نصیحت کابارے تم کو سمجھائے دیتے ہیں کہ یہاں شغلِ مے و بادہ والوں کو بہت حقارت سے دیکھا جاتاہے۔ جانتے ہی ہو کہ ہم جب تلک زمین پر رہے،قرض کی مے ہی پیتے رہے۔اورجب کچھ پلےنہ رہاتوسرکار ِانگلیشیہ کےقصیدےکہہ کرپنشن بحال کروالی۔
اور ہاں سنو، کچھ حالات تمہارے ملک کے بھی صحیح دکھائی نہیں دیتے ۔ یہاں چرچا تمہارے ملک کا بہت دکھ سے کیا جاتاہے۔ اس واسطے کہ سنا ہے کہ مہنگائی تمہارے ملک میں چاند سے بھی اوپر کردی گئی ہے،جھلک جس کی کچھ یہاں ہمارے آسمان پہ بھی آن پہنچی ہے۔
میاں دیکھو رابطے میں کمی نہ کیاکرو ۔ جیب خرچ پاس نہ ہو توخط بیرنگ ہی بھیج دیا کرو۔ ’’صورَت ‘‘کو ترس گئے ہیں ،تو کیا ’’صَوت ‘‘کو بھی ترسائوگے؟‘‘ ۔ نہ بھولو کہ اگر ہم بہت سوں کے دادا ہیں تو بہت سوں کےدلدادہ بھی ہیں ۔محفل کوروشنی ہمیں سےحاصل ہوتی ہے۔اس واسطے کہ ’’جاتے ہیں ہم، تولَوشمع کی تیزہونےلگتی ہے‘‘۔
سو دیکھو میاں مرزا ، اس طرح سے کہتے ہیں سخنور سہرا!۔ہاں یہ بات الگ ہے کہ’’ اگلے زمانے میں کوئی میر بھی تھا‘‘۔وہ جو’’رات کو رو رو صبح کرتا تھا تو دن کو جوں توں شام کرتاتھا ‘‘ ۔ مگر مرزاسچ یہی ہے کہ میر کی قادرالکلامی کا کو ئی توڑہی نہیں ہے۔ اگرچہ کہ ’’بہت زور یارو ں نے غزل میں مارا‘‘۔ معنی اس مصرعے کے ہم آسان زبان میں کئے دیتے ہیں۔ یعنی دوسروں نے بہت کوشش کی کہ میر جیسا کہہ سکیں لیکن کہہ نہ سکے۔زندگی اس کی بھی گذری تو میری طرح بے حساب تنگی وترشی میں گذری ۔
تھوڑے لکھےکو بہت جانو۔زیادہ لکھوں تو جگر قاش ہوتا ہے، دل پاش پاش ہوتا ہے ۔دیکھو مرزا گلبدن ۔مت سہل ہمیں جانو۔ پھرتا ہے فلک برسوں ، تب خاک کےپردے سے انسان نکلتے ہیں۔
آمد کا منتظر۔تمہار ا دادا، دلدادہ !
دعائوں کا طالب ۔ غالب



































