رضی الدین سید
سید ابوالاعلی مودودی، دنیا کی شریف ترین شخصیت جس نےزندگی میں نہ جانے کن کن حلقوں سے کیسی کیسی گالیاں اور دشنام
نہ سہے! ۔ مگر جو کچھ سنا، بہت تحمل کے ساتھ ۔ پلٹ کرکسی کو بھی جواب نہ دیا۔ کہا تو بس یہی کہا کہ میں یہ سارے الزامات اللہ تعالی کے دربار میں پیش کردوں گا۔
ایسی بڑی بات جسے سن اور سوچ کر آج بھی جھرجھری آجاتی ہے۔
اس کی مخالفت میں دین داروں نے بھی موٹی موٹی کتابیں لکھیں، لگتا تھا جیسے سید مودودی ؒ کی آمد سے ان کے چراغ گل ہونے لگے ہیں اور جیسے وہ سید مودودی کے آگے بونے بن گئے ہیں۔
وہ شخصیت جس نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خاطر عمر بھر نہ جانے کتنی بار قیدو بند کی سزائیں بھگتیں۔ حتیٰ کہ پھانسی کے پھندے تک کی سزا بھی خوشی سے برداشت کی لیکن صاف کہا کہ میں کسی سے بھی رحم کی اپیل نہیں کروں گا۔ اس نے کہا کہ اگر اللہ نے میری قسمت میں موت نہیں لکھی ہے تو یہ لوگ سب الٹے لٹک جائیں، مجھے نہیں لٹکا سکتے۔ موت کے لمحات کشاکش میں بھی اس بیان میں بلا کا اعتماد اور جادو کا زور بیان تھا۔
وہ سب کچھ سنتا اور سہتا رہا مگر اپنا راستہ ہرگز بھی کھوٹا نہیں کیا۔ کون سا موضوع ہے جس پر اس نے قلم نہیں اٹھایا؟ اور جو لکھا، مدلل اور سہل لکھا،ایسا کہ آڑے ترچھے سب ہی کے دلوں کو موم کرتا چلا گیا۔ لوگ اس کی کتابیں پڑھ کر بولنا بھول جاتے تھے اور اسی کی کتابوں کے اسیر ہوکے رہ جاتے تھے۔ آج کی دنیا کا وہی واحد فرد تھا جس نے کروڑوں نوجوانوں کے دلوں اور خیالات تک کو تبدیل کردیا تھا۔ اسلامی انقلاب کی خاطر اس نے ان کے دلوں سے موت کا خوف تک نکال باہر کیا تھا۔
نوجوانوں کو تبدیل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ یہ کام بس فرشتے ہی کرسکتے ہیں اور یقینا وہ آج کی دنیا کا فرشتہ ہی تھا، ہاں مگر وہ شخص اپنی پاک زندگی پوری کرکے اپنے رب کے پاس واپس پلٹ گیا۔ ہاں مگر۔۔۔۔۔
"وہ شخص اب یاں نہیں ملے گا"



































