
سعدیہ یاسین
قسط دوم
اماں بی کی حالت کچھ سنبھلی تو دوبارہ سے صائمہ کے ساتھ کاموں میں ہاتھ بٹانے لگیں جس کا مطلب تھا کہ وہ کافی حد تک بہتر
ہو چکی ہیں۔ کسی نے بھی دوبارہ ان کے سامنے واجد کا ذکر نہیں کیا لیکن عدنان اور صائمہ بہت پریشان تھے کہ وہ کیا کریں۔ آخر کو ان کے لئے اپنی بیٹی کی پسند بھی بہت معنیٰ رکھتی تھی۔ وہ بھی اس صورت میں جب کہ لڑکا بھی بہت اچھا تھا۔ ادھر نمرہ بھی امتحان دے کر فارغ ہو چکی تھی اور واجد اپنے والدین کو ان کے گھر بھیج کر باقاعدہ رشتہ بھیجنا چاہتا تھا۔ صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی تھی۔ آخر کار صائمہ نے بات کرنے کی ٹھانی۔
اماں بی! وہ اصل میں۔۔۔۔۔۔۔۔ اسے سمجھ ہی نہیں آ رھا تھا کہ وہ بات کہاں سے شروع کرے۔
واااجد اپنےوالدین کو ہمارے گھر بھیجنا چاہتا ہے۔ وہ ڈر ڈر کر بول رہی تھیں مبادہ اماں بی کی طبعیت خراب نہ ہو جائے۔ اماں بی کا دل لمحے کے لیے کانپا لیکن جلد ہی خود کو سنبھال لیا۔ انہیں بھی اس بات کا اچھے سے احساس تھا کہ اس دن انہوں نے بہت غلط کیا تھا۔ ایک بچے کو دیکھ کر ماضی کے ایک ایسے شخص کی یاد آ گئی تھی جس نے ان کی زندگی کو داو پر لگا دیا تھا۔ اور پھر وہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں۔
ہاں بیٹی بلا لو میں ویسے بھی بہت شرمندہ ہوں۔خوامخواہ ہنگامہ کھڑا کردیا اورتم لوگ کو پریشان کر دیا صائمہ نے دیکھا کہ اس بات سے ان کی طبیعت خراب نہیں ہوئی بلکہ اپنے پچھلے رویے کے لئے بھی افسردہ ہیں تو انہیں حوصلہ ہوا۔ اور اماں بی کے ہاتھ تھام لئے۔ اماں بی کیسی باتیں کرتی ہیں۔ ہمارے لئے آپ کی صحت سب سے بڑھ کر ہے۔ ہم بھی اسی لئے خوفزدہ ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ دوبارہ آپ کی طبعیت خراب ہو جائے۔ اس لئے ہم چاہ رہے کہ آپ ہمارے ساتھ ڈاکٹر کے پاس چلیں۔ عدنان نے ڈاکٹر فیروز سے اماں بی کے لئے وقت لے لیا تھا جو اگلے مہینے کے پہلے منگل کو تھی۔ اگلا مہینہ آنے میں دو ہفتے باقی تھے جبکہ واجد کے والدین اسی ہفتے آنا چاہ رہے تھے۔ اماں بی نے کہا کہ تم لوگ میری وجہ سے پریشان نہ ہو۔ انہیں بلا لو۔ اگلے ہفتے وہ لوگ مٹھائی کے ٹوکروں اور کچھ تحفوں کے ساتھ تشریف لے آئے۔ اماں بی بھی تپاک سے ان لوگوں سے ملیں۔ ماحول بہت خوش گوار رہا۔ واجد ان کے ساتھ نہیں آیا تھا۔ واجد کے علاوہ اس کی ایک بہن اور ایک بھائی تھا۔ ظہیر صاحب (واجد کےوالد) کا اپنا بزنس تھا سب سلجھے ہوئے اچھے لوگ تھے۔ اماں بی کو بہت عزت دے رہے تھے۔ عدنان نے اماں بی کا تعارف اپنی ماں کہہ کر ہی کروایا تھا۔ اماں بی کو بھی وہ سب لوگ بہت اچھے لگے۔
ڈاکٹر فیروز کو اچانک کسی دوسرے شہر جانا پڑ گیا جس کی وجہ سے اماں بی کی اپائنٹمنٹ منسوخ ہو گئی۔ واجد کر گھر والوں نے ان سب کو اپنے گھر پر کھانے کی دعوت دی۔ اماں بی نے جانے سے منع کر دیا پتہ نہیں واجد کی شکل دیکھ کر دل کی کیفیت اتنی عجیب کیوں ہو گئی تھی دوبارہ سامنا کرنے کے خیال سے ہی ہول اٹھ رہے تھے۔ حلانکہ باقی گھر والوں کے ساتھ مل کر ایسا کچھ محسوس نہیں ہوا۔ سب بہت رکھ رکھاؤ والے اچھے اخلاق والے لگےتھے۔ سب نے اماں بی کا گریز دیکھ کر یہی مناسب سمجھا کہ انہیں ساتھ نہ ہی لے کر جایا جائے۔ ملازمہ کو خاص ہدایت دی کہ اماں بی کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑنا کوئی بھی مسئلہ ہوا تو کال کر دینا۔
سب معاملات بہت اچھے طریقے سے طے پا رہے تھے۔ شادی کی تاریخ اماں بی نے اپنی مرضی سے رکھی تھی۔ تیاریاں عروج پر تھیں۔ شادی والے دن ہال میں پہنچے تو اماں بی کی طبعیت کچھ عیجب ہونے لگی۔ انہیں یہی وسوسے ستا رہے تھے کہ واجد سے سامنا ہوا تو ان کی طبیعت پھر سے نہ بگڑ جائے۔ اتنے عرصے میں واجد کا ان سے دوبارہ کبھی آمنا سامنا نہیں ہوا تھا۔ اس لئے ان کی گھبراہٹ فطری تھی۔ انہوں نے عدنان سے بات کی کہ مجھے بارات آنے سے پہلے گھر بھیج دو۔ عدنان اور صائمہ دونوں پریشان ہو گئے۔ کہ کیسے بارات آنے سے پہلے بھیج دیں واجد کے والدین بھی اماں بی کا پوچھیں گے تو کتنا برا محسوس ہوگا۔ اتنے میں بارات آگئی، اماں بی کا چہرہ فق ہو گیا۔ باقی سب لوگ مہمانوں کے استقبال کے لئے دروازے پر چلے گئے۔ اماں بی وہیں مہمان خصوصی کے لئے مختص کئے گئےایک صوفے پر بیٹھ گئیں۔ دل میں درود شریف اور تسبیحات پڑھتی رہیں۔ فاخرہ (واجد کی والدہ) آگے بڑھیں اور اماں بی کے گلے لگ گئیں۔ اماں بی ان سے ملیں تو انہوں نے محسوس کیا کہ اماں بی کانپ رہی ہیں۔ انہوں نے اماں بی کو واپس صوفے پر بٹھایا پانی پلایا اور صائمہ کو بلانے چلی گئیں۔
صائمہ اور عدنان ساتھ ساتھ آئے۔ اماں بی نے بمشکل خود کو کنٹرول کیا ہوا تھا۔ عدنان نے موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اماں بی کو ڈرائیور اور ملازمہ کے ساتھ گھر بھجوا دیا کہ ہم بھی جلدی ہی رخصتی کروا کر آتے ہیں۔ باقی کسی سے ملنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ اماں بی جلد از گھر جانا چاہتی تھیں۔ اس لئے نمرہ کو مل کر دعائیں دے کر وہ ہال سے نکل گئیں۔ولیمے کے لئے انہوں نے معزرت کر لی۔ اماں بی نے ڈاکٹر فیروز کے پاس جانے سے دوبارہ منع کردیا تھا۔ اتنے سالوں سے بس یہی ہو رہا تھا جب اماں بی کی طبعیت خراب ہوتی وہ ڈاکٹر کے پاس جانے کے لئے راضی ہو جاتیں لیکن جب جانے کا وقت آتا منکر ہو جاتیں عدنان کی لاکھ منتوں کے باوجود نہیں جاتیں تھیں۔
شادی کے ہنگامے کچھ کم ہوئے۔ نمرہ بھی رسم کے مطابق ولیمے کے اگلے روز آئی تھی اور بہت خوش لگ رہی تھی اماں بی نے بہت دعائیں دیں۔ دو دن بعد فاخرہ کی کال آئی کہ وہ اور واجد کے والد کی پھپھو ان کے گھر آنا چاہتے ہیں۔ شادی پر بھی پھپھو سے اماں بی کی ملاقات نہیں ہو سکی اس لئے وہ اماں بی سے معلاقات کرنا چاہتی ہیں اور ان کی عیادت بھی ہو جائے گی۔ صائمہ نے اماں بی کو بتایا تو اماں بی نے کہا ضرور ضرور آج شام ہی آجائیں ویسے ہی میں نے سب کو پریشان کر دیا۔ فاخرہ بھی کیا سوچتی ہوں گی کہ اس بڑھیا نے شادی کے رنگ میں بھنگ ڈالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ ارے نہیں اماں آپ کئی بار ملی ہیں فاخرہ سے وہ ایسی نہیں لگتیں۔ نہ ہی شادی میں انہوں نے کوئی بات کی۔
شام میں اماں بی نماز ادا کر کے فارغ ہی ہوئی تھیں کہ نمرہ دوڑتی ہوئی آکر ان سے لپٹ گئی۔ میری بٹیا رانی آ گئی۔ ہمارا گھر تو سونا کر دیا اللّٰہ کرے سسرال کے گھر کی روشنی بنو۔ آمیییییین فاخرہ آمین کو لمبا کہتے ہوئے بی اماں کے کمرے میں داخل ہو گئیں ان سے مل کر بتایا کہ ڈرائنگ روم میں ظہیر کی پھپھپو بھی آپ سے ملنے آئی ہیں اگر آپ بہتر محسوس نہیں کر رہیں تو انہیں بھی یہاں ہی بلا لیتے ہیں۔
نہیں نہیں چلو میں تم لوگ کے ساتھ ڈرائنگ روم میں ہی چلتی ہوں۔ جیسے ہی ڈرائنگ روم میں داخل ہوئیں واجد کی پھپھو نازیہ کھڑی ہو گئیں۔ اماں بی نے انہیں دیکھا تو کچھ دیر بے یقینی سے دیکھتی رہیں ان کے قدم جہاں تھے وہیں ساکت ہو گئے انہیں لگا چھت اچانک سے گھومنے لگی ہے۔ کچھ ایسی ہی بے یقینی کی سی کیفیت نازیہ کے چہرے سے بھی ظاہر ہو رہی تھی۔ اماں بی کو نمرہ اور فاخرہ نے تھام لیا اور گرنے سے بچا لیا۔ وہ بےہوش ہو چکی تھیں۔ عدنان اور احسن انہیں ہسپتال لے گئے۔
اماں بی کے ہسپتال جانے کے بعد صائمہ نے مہمانوں سے معزرت کی کہ معلوم نہیں اماں بی کے ساتھ اکثر ایسا کیوں ہو جاتا ہے۔ نازیہ کہنے لگیں کہ میں جانتی ہوں یہ ایسی کیوں ہو گئی ہیں۔ ان کے ماضی کے ایسے کون سے دکھ ہیں جو سب سے چھپا کر رکھتی ہیں۔ سب ان کی طرف حیرت سے دیکھنے لگے۔ نازیہ نے بتایا کہ زینت ان کے چچا کی بیٹی ہیں۔ اس بات پر وہاں بیٹھے تمام لوگوں کو جیسے سانپ سونگھ گیا ہو۔ ماضی کا کچھ حصہ مختصراً انہوں نے سب کو بتایا کہ وہ سب اکٹھے ہی ہجرت کے لئے نکلے تھے لیکن راستے میں بچھڑ گئے۔ زینت کا نکاح ہجرت سے ایک روز پہلے ان کے سب سے بڑے بھائی وحید سے ہو گیا تھا۔
واجد کی شکل ہو بہو وحید بھائی یعنی اپنے دادا سے ملتی ہے۔ اس بات پر نمرہ اور صائمہ نے ایک دم ایک دوسرے کی طرف دیکھا کہ واجد کو پہلی نظر دیکھ کر اماں بی کی کیا حالت ہوئی تھی اور دوبارہ وہ اسے کیوں نہیں دیکھنا چاہتی تھیں۔
اماں بی گھر واپس آ چکی تھیں۔ نازیہ ان کے بیڈ کے دائیں طرف بیٹھ گئیں۔ دونوں ہاتھ تھام کر اپنے ہونٹوں سے لگالئے اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔ ماضی میں ان کے ساتھ کئی گئی زیادتی پر معافی مانگنے لگیں حالانکہ اس میں نازیہ کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن پھر بھی وہ خود کو زینت کی مجرم تصور کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان آ کر انہیں ان کاغزات کی وجہ بہت ساری زمین مل گئی تھی جو وحید کے دوست شنکر نے انہیں دیے تھے۔ ابا جی جلد ہی دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے۔ شاید وہ ہجرت والی رات کو اپنے ذہن سے نہیں نکال پائے یا پچھتاوے نے ان کی جان لے لی۔ اماں بھی بلکل خاموش رہنے لگیں اور زیادہ وقت ذکر ازکار پڑھنے میں گزارتی اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ وحید بھائی کی شادی ہو گئی تھی لیکن ان کی بیوی سے بلکل نہ بنی ان کی دولت سمیٹ کر اور ظہیر کو ہمارے پاس چھوڑ کر خود طلاق لے کر چلی گئی۔
نادیہ کی اور میری شادی ہوگئی۔ شادی کے بعد میں بیرون ملک چلی گئی۔ کتنی ہی منتیں مانیں اور دعائیں کی لیکن اولاد نہ ہوئی۔ نادیہ کا شوہر بہت لالچی اور ناکارہ نکلا اسے روز مارتا، پیٹتا تھا۔ دوران زچگی نادیہ کا انتقال ہو گیا۔وہ فوت ہوگئی۔ چھوٹے دونوں بھائی بھی عیاشیوں میں پڑ کر نشے میں چور یکے بعد دیگرے چل بسے۔ وحید بھائی کا آخری وقت بہت مشکل تھا۔ وہ نیم پاگل ہو چکے تھے۔ دیواروں سے ٹکریں مار مار کر خود کو لہو لہان کردیتے اور زینت مجھے معاف کردو چلاتے رہتے۔ میں ظہیر کو اپنے ساتھ ہی لے گئی تھی۔ ایک دن خبر آئی کہ وحید بھائی نے ٹکریں مار مار کے خود کو ختم کر لیا ہے۔
اماں بی بھی جیسے تھک چکی تھیں۔ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔ سب ان کے ارد گرد جمع ہو چکے تھے۔ عدنان ان کے بائیں طرف بیڈ پر ہی آکر بیٹھ گئے۔ باقی سب بھی ان کے کمرے میں موجود کرسیوں اور صوفوں پر براجمان ہو گئے۔ اماں بی بھی جذبات کی رو میں بہہ گئیں اور ہچکیوں کس ساتھ اپنے ماضی کے اس باب پر آ گئیں جہاں سے ان کی زندگی کی تلخ داستان شروع ہوئی تھی۔ اور جو آج تک اپنے سینے میں چھپائے زندگی گزار رہی تھیں۔



































