
یاسمین اسلم
"تیرے حسن خلق کی اک رمق میری زندگی میں تو نہ آسکی "
"میں اسی میں خوش ہوں کہ شہر کے دروبام کو تو سجا دیا"
ربیع الاول کا مہینہ آتے ہی پورا شہر سبز رنگ کی جھنڈیوں اور جھنڈوں سے سجا دیا جاتا ہے ،گھر گھر میں چراغاں ہوتا ہے!درود پاک کی محفلیں سجائی جاتی ہیں،عقیدتوں اور
محبتوں کے جھنڈے گاڑے جاتے ہیں۔سب کے دل نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت میں سرشار ہو جاتے ہیں،لیکن ایک منٹ رکیے !سوچنے کا مقام اور لمحہ فکریہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کیا ہماری سمت درست ہے؟
قران پاک میں اللہ رب العزت فرماتے ہیں۔
"بے شک تمہارے لئے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے"
ہم ذرا اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں ؟ہماری کون سی عادت یا ہماراکون سا طریقہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ملتا ہے؟ہماری معاشرت ،معیشت ،سیاست ،عدالت،پارلیمنٹ،تجارت یا اخلاق و طرز زندگی،آپ کا جواب یقینا ًنہ میں ہوگا۔لیکن اخر کیوں ؟یہ کیسی محبت ہے؟ زبانی دعوے تو بے شمار ہیں لیکن عمل اس کے برخلاف ہے۔ تو کیوں نہ ہم اس ربیع الاول میں اپنی زندگیوں کو بدلنے کی کوشش کریں ۔انہیں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی لائی ہوئی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں ۔اپنی زندگیوں میں ایک عظیم انقلاب لے کر ائیں ۔۔۔۔۔
نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا اخلاق تو ایسا تھا کہ ایک عورت روز اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر کچرا پھینکتی ہے .بیمار ہوئی تو اس کی عیادت کو تشریف لے گئے ۔۔۔۔۔۔۔۔
مدینہ میں ایسی اسلامی ریاست قائم کی جس کا دستور قران سے لیا گیا، ایسے افراد تیار کیے کہ جن کی زندگیاں چلتا پھرتا قرآن کا عملی نمونہ تھیں۔سیاست ایسی کہ پوری زندگی غزوات سے بھری پڑی ہے۔مسجد نبوی پارلیمنٹ تھی۔سارے فیصلے وہیں سے صادرہوتے۔
آج ہم ظلم اور جبر کے دور میں سانس لے رہے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔طاغوت کی حکمرانی ہے۔۔۔۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی گردنوں سے غلامی کا یہ طوق اتار پھینکیں ۔اور اپنی زندگیوں کو تعلیمات نبوی کے مطابق گزاریں ۔ہر خوف کو اپنے دل سے نکال دیں ،صرف اللہ کے خوف میں ہماری نجات ہے ۔اپنے حق کے لیے اواز اٹھائیں ۔
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا
"ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا سب سے بڑا جہاد ہے "
تو ائیے اس جہاد میں اپنا حصہ ڈالیں ۔جماعت اسلامی اس وقت عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے ،وقت کے طاغو توں کے خلاف مصروف عمل ہے ۔



































