
تحریر: سعدیہ
آج کا دور بدل چکا ہے۔ آج کی لڑکی صرف گھر کی چار دیواری تک محدود نہیں۔ وہ ڈاکٹر بھی ہے، ٹیچر بھی ہے، پائلٹ بھی ہے برنسپل بھی اور آفس میں کام کرنے والی ایک
باہمت خاتون بھی۔
ایسے میں اگر لڑکیاں بائیک سیکھ رہی ہیں تو اس میں حیرت کیسی؟ اور حرج کیسا؟آج بائیک سیکھنا کوئی فیشن نہیں، ایک ضرورت ہے۔
لڑکیوں کو بائیک کیوں سیکھنی چاہیے؟
خود مختاری: روز بس کا انتظار، رکشے کے کرائے اور بھائی یا والد کے فارغ ہونے کا انتظار ختم۔ اپنی منزل، اپنا وقت، اپنا راستہ۔
حفاظت: رش والی بسوں اور نامناسب رویوں سے بہتر ہے کہ لڑکی اپنی سواری پر بااعتماد ہو کر سفر کرے۔
وقت اور پیسے کی بچت: تعلیم ہو یا نوکری، بائیک سے وقت بچتا ہے اور مہینے کا ہزاروں روپیہ بھی۔
خود اعتمادی: جب لڑکی ہینڈل سنبھالتی ہے تو صرف بائیک نہیں، اپنی زندگی کا کنٹرول سنبھالتی ہے۔ اس کے چہرے پر جو اعتماد آتا ہے وہ ہر باپ اور ہر بھائی کے لیے فخر کی بات ہے۔ہمارے معاشرے میں اکثر کہا جاتا ہے "لڑکیاں بائیک نہیں چلاتی"۔ تو سوال یہ ہے کہ کیوں نہیں چلاتی؟ کیا سڑک صرف لڑکوں کے لیے ہے؟ کیا ہوا اور راستہ صرف لڑکوں کا ہے؟
اسلام نے بھی عورت کو عزت، پردے اور حفاظت کے ساتھ باہر نکل کر محنت کرنے سے کبھی نہیں روکا۔ اگر لباس شائستہ ہو، نیت درست ہو اور سفر ضرورت کا ہو تو بائیک چلانے میں کوئی شرعی یا اخلاقی قباحت نہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم لڑکیوں کا مذاق اڑانے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ ان کے لیے محفوظ راستے، لڑکیوں کے لیے ڈرائیونگ اسکول اور معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیں۔
یاد رکھیں، بائیک پر بیٹھی لڑکی بے حیائی کی علامت نہیں، بلکہ اس معاشرے کی ترقی کی علامت ہے جہاں بیٹیاں بوجھ نہیں، بازو بنتی ہیں۔



































