
حفصہ زنیر
جب سے میں نے اس آیت پر تدبر کیا ہے، زندگی کا مفہوم بدل سا گیا ہے۔ پہلے مجھے لگتا تھا کہ
انسان کی بیشتر تکلیفوں کا سبب دوسروں کے ظلم، بے حسی اور ناقدری میں پوشیدہ ہےمگر اس آیت نے ایک الگ حقیقت سے روشناس کرایا، انسان اپنی جان پر سب سے زیادہ ظلم خود کرتا ہے۔
ہم اپنی جانوں پر ظلم کرتے ہیں جب لوگوں سے وہ توقعات وابستہ کر لیتے ہیں جو صرف اللہ سے وابستہ ہونی چاہئیں۔ جب کسی انسان کو اپنی خوشی، سکون اور تکمیل کا محور بنا لیتے ہیں، جب حد سے زیادہ بھروسہ کرتے ہیں حالانکہ ہر انسان خطا کا پتلا اور اپنی ذات میں نامکمل ہے مگرہم دوسروں کو ان کے اصل مقام سے بلند کر کے اپنی امیدوں کا مرکز بنا دیتے ہیں، پھر جب وہ ہماری توقعات پر پورا نہیں اترتے تو دل ٹوٹ جاتا ہے۔
ہم اپنی جانوں پر ظلم کرتے ہیں جب مخلصی کے نام پر خود کو بھول جاتے ہیں، جب مفلسی اور مجبوری کے بے حد دباؤ تلے اپنی روح کو کچل دیتے ہیں، جب بیچارگی کو اپنی شناخت بنا لیتے ہیں، یا جب ایک ہی خواہش، ایک ہی مقصد، ایک ہی تعلق یا ایک ہی دروازے کے پیچھے اپنی ساری توانائی اور زندگی کھپا دیتے ہیں۔ ہم بند دروازوں پر مسلسل دستک دیتے رہتے ہیں اور ان بے شمار نعمتوں اور راستوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں جو ہمارے لیے کھلے ہوتے ہیں۔
ہم اپنی جانوں پر ظلم تب بھی کرتے ہیں جب اپنی قدر دوسروں کی رائے سے ناپنے لگتے ہیں، جب ماضی کے زخموں کو سینے سے لگائے رکھتے ہیں، جب ہر ناکامی کو اپنی بے وقعتی کا ثبوت سمجھ لیتے ہیں اور جب اپنی کمزوریوں کو اپنی مستقل شناخت بنا لیتے ہیں۔پھر زندگی کا ایک لمحہ ایسا آتا ہے جب انسان دوسروں سے شکوہ کرنے کے بجائے خود سے سوال کرتا ہے۔ وہ اپنے ٹوٹے ہوئے دل، اپنی غلط وابستگیوں، اپنی بے جا توقعات اور اپنی کمزوریوں کو دیکھتا ہے تو اس کے لبوں پر ایک ہی دعا آتی ہے:۔
"رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنْفُسَنَا وَإِن لَّم تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الخَاسِرِينَ"
"اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا اور اگر تو نے ہمیں معاف نہ فرمایا اور ہم پر رحم نہ کیا تو ہم یقیناً نقصان اٹھانے والوں (یا خسارہ پانے والوں) میں سے ہو جائیں گے۔
یہ آیت مایوسی اور بےدلی کی نہیں بلکہ امید اور حوصلے کی آیت ہے۔ اس میں اعتراف بھی ہے اور واپسی کا راستہ بھی، اس میں انسان کو یہ سکھایا گیا ہے کہ اپنی خطاؤں کو پہچان لینا شکست نہیں بلکہ نجات کی ابتدا ہے کیونکہ جو دل اپنی غلطی مان لیتا ہے، وہی دل اللہ کی رحمت کا سب سے زیادہ حق دار ہے۔
شاید زندگی کی پختگی یہی ہے کہ ہم دوسروں کے ظلم گننے سے پہلے اپنی ذات پر کیے گئے مظالم کو پہچان لیں۔ اپنی بے جا توقعات، اپنے اندھے اعتماد، اپنی غلط وابستگیوں اور اپنی خود ساختہ قیدوں کا اعتراف کر لیں،پھر انہیں اللہ کی رحمت کے سپرد کر دیں کیونکہ انسانوں سے وابستہ امیدیں اکثر ٹوٹ جاتی ہیں مگر اللہ سے وابستہ امیدیں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔
یہ آیت انسان کو خود احتسابی کے ساتھ ساتھ امید کا پیغام بھی دیتی ہے۔



































