
حفصہ زنیر
اچھی عورتیں چپ رہتی ہیں، اچھی عورتیں سوال نہیں کرتیں، اچھی عورتیں جواب نہیں دیتیں، اچھی عورتیں منہ نہیں بناتیں، اچھی عورتیں برداشت کرتی ہیں۔
ہم میں سے اکثر خواتین نے زندگی میں نہ جانے کتنی بار یہ جملے سنے ہوں گے۔ بچپن سے ہی ہمارے ہاں لڑکیوں کو سکھایا جاتا ہے کہ زیادہ بولنا مناسب نہیں، اپنے حق کی بات کرنا بدتمیزی ہے، اختلاف کرنا گستاخی ہے اور سوال کرنا تربیت کی کمی کی علامت ہے۔
یوں آہستہ آہستہ ایک لڑکی کو یہ یقین دلا دیا جاتا ہے کہ اس کی خوبی اس کی خاموشی میں ہے، اس کی عزت اس کی برداشت میں ہے اور اس کی نیکی اپنی ذات کو مٹا دینے میں ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ کیا واقعی ہمارا دین اسلام یہی سکھاتا ہے؟
اگر نہیں، تو پھر یہ تصور کہاں سے آیا ہے کہ ایک عورت کی اچھائی کا معیار اس کی خاموشی ہے؟
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں عورت کا ایک عجیب سا کردار تخلیق کر دیا گیا ہے کہ عورت سب کچھ دیکھے مگر کچھ نہ کہے، سب کچھ سنے مگر سوال نہ کرے، ناانصافی برداشت کرے مگر احتجاج نہ کرے، دل دکھے تو خاموش رہے اور حق مارا جائے تو صبر کا لبادہ اوڑھ لےاور اگر وہ ایسا کرتی رہے تو اسے بہت اچھی، بہت سلجھی ہوئی، بہت بااخلاق اور بہت سمجھ دار قرار دیا جاتا ہےلیکن جونہی وہ کسی غلط بات کی نشان دہی کرے، کسی ظلم پر سوال اٹھائے یا اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے، اس پر بدتمیزی، بے ادبی، گستاخی اور تربیت کی کمی کے لیبل لگا دیا جاتا ہے۔
گویا مسئلہ ظلم نہیں، ظلم کی نشا ن دہی ہے۔
مسئلہ ناانصافی نہیں، ناانصافی پر سوال اٹھانا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ہمارے معاشرے کا ایک حصہ آج بھی عورت کو ایک جیتا جاگتا انسان نہیں بلکہ ایک ایسا کردار دیکھنا چاہتا ہے جو دوسروں کی مرضی کے مطابق چلتا رہے۔ ایک ایسی عورت جو اپنی رائے، احساسات اور سوچ کو قربان کر دے تاکہ دوسروں کی سہولت برقرار رہے۔
گویا ایک انسان نہیں بلکہ ایک کٹھ پتلی ہے۔
مگر اسلام عورت کو ایسا نہیں دیکھتا۔
اسلام نے عورت کو عقل دی، شعور دیا، عزت دی، شخصیت دی اور رائے کے اظہار کا حق دیا۔ قرآن کریم نے حق اور انصاف کی بات کرنے کا حکم مرد اور عورت دونوں کو دیا ہے۔ اسلام نے ظلم کرنے سے بھی منع فرمایا اور ظلم سہنے کو بھی پسند نہیں کیا۔اگر اسلام عورت کو خاموش رہنے کا حکم دیتا تو تاریخ اسلام میں ہمیں اتنی عظیم خواتین نظر نہ آتیں جنہوں نے علم، حکمت، حق گوئی اور بصیرت کے ساتھ معاشرے کی رہنمائی کی۔
حضرت خدیجہؓ کو دیکھیے۔ نبوت کے ابتدائی اور مشکل ترین دور میں انہوں نے پیارے رسول اللہ ﷺ کو تسلی دی، حوصلہ دیا اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کردار محض خاموش تماشائی کا نہیں بلکہ ایک مضبوط، باوقار اور دانا شخصیت کا تھا۔
حضرت عائشہؓ کو دیکھیے۔ وہ امت کی عظیم ترین معلمات میں سے ایک تھیں۔ ہزاروں احادیث ان سے روایت کی گئیں ہیں۔ بڑے بڑے صحابہؓ ان سے علم حاصل کرتے تھے۔ وہ سوال بھی کرتی تھیں، جواب بھی دیتی تھیں اور دینی معاملات میں اپنی رائے کا اظہار بھی کیا کرتی تھیں۔
حضرت اُمِ سلمہؓ کو دیکھیے۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر جب ایک نہایت نازک صورتحال پیدا ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے مشورہ فرمایا۔ ان کی دانشمندانہ رائے نے ایک بڑے بحران کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔اور حضرت عمر فاروقؓ کا وہ مشہور واقعہ تو ہم سب کو پتا ہے جب ایک عام خاتون نے قرآن کی روشنی میں مہر کے بارے میں ان کی رائے پر سوال اٹھایا۔ حضرت عمرؓ نے نہ صرف اس کی بات سنی بلکہ برملا اعتراف کیا کہ عورت درست کہہ رہی ہے اور عمر سے خطا ہوئی۔
سوچیے!۔
اگر سوال کرنا عورت کی شان کے خلاف ہوتا، اگر حق بات کہنا بدتمیزی ہوتی، اگر اختلاف کرنا بے ادبی ہوتا تو کیا اسلام کی تاریخ میں یہ مثالیں موجود ہوتیں؟
اصل مسئلہ اسلام میں نہیں بلکہ ان سماجی روایات میں ہے جنہیں ہم نے دین کا نام دے دیا ہے۔ہم نے عورت کی خاموشی کو اس کا زیور بنا دیا ہے، چاہے اس خاموشی کی قیمت اس کی عزتِ نفس، اس کی خوشی، اس کی ذہنی صحت یا اس کے بنیادی حقوق ہی کیوں نہ ہوں۔
حالانکہ خاموشی ہمیشہ شرافت نہیں ہوتی۔
کئی بار خاموشی ظالم کو مزید طاقت دیتی ہے۔
کئی بار خاموشی ناانصافی کو معمول بنا دیتی ہے۔
کئی بار خاموشی ایک انسان کو اندر سے توڑ دیتی ہے۔
اور کئی بار سوال کرنا بغاوت نہیں بلکہ شعور کی علامت ہوتا ہے۔
اختلاف کرنا بے ادبی نہیں بلکہ انصاف کی تلاش ہوتی ہے۔
حق بات کہنا گستاخی نہیں بلکہ ایمان کی قوت ہوتی ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی بیٹیوں کو صرف برداشت کرنا نہ سکھائیں بلکہ حق اور باطل میں فرق کرنا بھی سکھائیں۔ انہیں یہ احساس دلائیں کہ ان کی رائے کی بھی اہمیت ہے، ان کے احساسات بھی معنی رکھتے ہیں اور ان کے حقوق بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے کسی اور انسان کے کیونکہ ایک اچھی عورت وہ نہیں جو ہر ظلم پر خاموش رہےبلکہ ایک اچھی عورت وہ ہے جو ادب، حکمت اور وقار کے ساتھ حق کا ساتھ دے، سچ بولے، انصاف کا مطالبہ کرے، دوسروں کے حقوق کا احترام کرے اور اپنے حقوق کی حفاظت بھی کرنا جانتی ہو۔
اسلام نے عورت کو گونگا اور بہرا بننے کا نہیں، باوقار اور باشعور انسان بننے کا درس دیا ہے،اس لیے شاید اصل مسئلہ عورت کی آواز نہیں بلکہ وہ ذہنیت ہے جو عورت کی خاموشی کو اپنی سہولت سمجھتی ہے۔
اور یاد رکھیے۔۔۔
معاشرہ اکثر فرمانبردار عورت کو پسند کرتا ہے، لیکن تاریخ ہمیشہ باوقار، باشعور اور حق گو عورتوں کو یاد رکھتی ہے۔



































