
حفصہ زنیر
کبھی آپ نے سوچا ہے کہ اللہ بعض اوقات مظلوم کو فوراً انصاف کیوں نہیں دیتا؟
کیوں ظالم بظاہر مسکراتا رہتا ہے اور حق پر قائم رہنے والے آزمائشوں سے گزرتے رہتے ہیں؟ کیوں بعض آنسو برسوں تک بہتے رہتے ہیں اور بعض دعائیں فوراً قبول ہوتی دکھائی نہیں دیتیں؟
ان سوالوں کا جواب اللہ تعالیٰ کے دو عظیم ناموں میں پوشیدہ ہے۔
الحَكَمُ... العَدْل۔
وہ صرف حاکم نہیں، الحَكَم ہے۔ ہر معاملے کا آخری، سچا اور حکمت سے بھرا فیصلہ کرنے والا اور وہ صرف انصاف کرنے والا نہیں بلکہ العَدْل ہے۔ ایسا انصاف کرنے والا جس کے فیصلوں میں نہ تعصب ہے، نہ جلد بازی، نہ کسی کا دباؤ اور نہ کسی کی سفارش۔
ہم دنیا میں رہتے رہتے دنیا کے فیصلوں کے عادی ہو جاتے ہیں۔ یہاں لوگ ظاہری باتیں دیکھتے ہیں، ہمیں تولتے ہیں، الفاظ سنتے ہیں اور پھر رائے قائم کر لیتے ہیں مگر اللہ کی عدالت اس سے بہت مختلف ہے۔ وہاں نہ صرف اعمال بلکہ نیتیں بھی دیکھی جاتی ہیں، خاموشیاں بھی سنی جاتی ہیں، دل کے زخم بھی محفوظ رہتے ہیں اور آنکھ سے گرنے والا ہر آنسو بھی گواہی دیتا ہے۔اسی لیے کبھی بھی اپنے دکھ کو لوگوں کے سامنے ثابت کرنے میں پوری زندگی نہ گزار دیجیے۔ ہر شخص آپ کو نہیں سمجھے گا، ہر زبان آپ کے حق میں نہیں بولے گی اور ہر دل آپ کی نیت کو نہیں جان سکے گا۔
لیکن ایک ذات ہے جو سب جانتی ہے۔
صوفیاء کہتے ہیں کہ بندے کی اصل آزادی اس دن شروع ہوتی ہے جب وہ اپنے مقدمے کا وکیل لوگوں کو نہیں بل کہ اللہ کو بنا لیتا ہے۔ پھر وہ صفائیاں کم دیتا ہے، دعائیں زیادہ کرتا ہے۔ وہ شکوے کم کرتا ہے، سجدے زیادہ کرتا ہے۔ وہ انتقام کے بجائے انتظار سیکھ لیتا ہے کیوں کہ اسے یقین ہوتا ہے کہ الحَكَمُ العَدلُ کا فیصلہ آنا باقی ہے۔
یاد رکھیے! اللہ کی خاموشی اس کی بے خبری نہیں ہوتی بلکہ اس کی حکمت ہوتی ہے۔ وہ مہلت دیتا ہے نظر انداز نہیں کرتا۔ وہ ہر کردار کو اس کی پوری حقیقت کے ساتھ سامنے آنے کا وقت دیتا ہے تاکہ جب فیصلہ ہو تو ایسا ہو جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہ رہے۔اگر آج کسی نے آپ کی نیت پر شک کیا ہے، آپ پر ناحق انگلی اٹھائی ہے، آپ کے خلوص کو کمزوری سمجھا ہے، آپ کا حق دبایا ہے یا آپ کی خاموشی سے فائدہ اٹھایا ہے، تو دل میں نفرت نہ پالیں۔
اپنا معاملہ اس رب کے سپرد کر دیں جس کی بارگاہ میں نہ کوئی ظلم چھپ سکتا ہے، نہ کوئی حق ضائع ہو سکتا ہے، نہ کوئی آنسو رائیگاں جاتا ہے اور نہ کوئی نیکی فراموش ہوتی ہے۔مؤمن کی اصل طاقت یہ نہیں کہ وہ ہر جگہ اپنی بے گناہی ثابت کرتا پھرے بلکہ مومن کی پہچان یہ ہے کہ وہ اپنا کردار اللہ کے لیے درست رکھے اور اپنے معاملے کو الحَكَمُ العَدْل کے سپرد کر دےکیوں کہ جب اللہ فیصلہ فرماتا ہے تو صرف حق کو غالب نہیں کرتا، بلکہ دلوں کو سکون، روح کو اطمینان اور مظلوم کو عزت بھی عطا فرماتا ہے۔
آئیے! آج اپنے دل کی ہر شکایت، ہر دکھ، ہر بے بسی اور ہر آنسو اسی کے حوالے کر دیں اور صرف اتنا کہیں۔
اے میرے رب! تو الحَكَم ہے، تو العَدلُ ہے۔ مجھے لوگوں کے فیصلوں سے بے نیاز اور اپنے فیصلوں پر راضی رہنے والا دل عطا فرما۔ میرے حق میں وہی فیصلہ فرما جس میں تیری رضا، تیرا عدل اور میری دنیا و آخرت کی بھلائی ہو۔ آمین۔



































