
حفصہ زنیر
چالیس برس کا سفر محض عمر کے ہندسے بڑھنے کا نام نہیں، بل کہ یہ تجربات، آزمائشوں، خوشیوں، محرومیوں، کامیابیوں اور ناکامیوں سے گزر کر شعور کی ایک نئی منزل تک
پہنچنے کا سفر ہے۔ زندگی نے ان برسوں میں بہت سے چہرے دکھائے، کئی رشتوں کی حقیقتیں آشکار کیں اور وقت نے ایسے سبق دیے جو کسی کتاب میں ملنے مشکل ہیں۔ پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہر تلخ تجربہ ایک سبق تھا اور ہر ٹھوکر نے آگے بڑھنے کا سلیقہ سکھایا۔ ان چالیس برسوں میں سیکھی گئی چند اہم باتیں میرے لیے زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
ہر وقت، ہر کسی کے سامنے خود کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ جو آپ ہیں، وہی کافی ہے۔ اپنی قدر کا فیصلہ دوسروں کی رائے سے نہیں، اپنے کردار اور عمل سے کیجیے۔
آپ جہاں ہیں، جیسے ہیں، وہاں اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں۔ اپنی توانائی خود کو بہتر بنانے پر صرف کریں، دوسروں کو متاثر کرنے پر نہیں۔ زندگی کی اصل کامیابی دوسروں سے داد وصول کرنا نہیں، بلکہ اپنے آپ سے مطمئن ہونا ہے۔
مقابلہ بازی اور بلا ضرورت مقابلہ کرنے والوں سے اس طرح بچیں جیسے آگ سے پٹرول۔ ہر شخص کا سفر، وقت اور منزل الگ ہے۔ کسی اور کی رفتار کو اپنی کامیابی کا پیمانہ بنانا خود پر زیادتی ہے۔
ہر بات کی وضاحت دینا ضروری نہیں۔ بعض اوقات خاموشی سب سے باوقار جواب ہوتی ہے۔ ہر سوال کا جواب الفاظ میں دینا لازم نہیں، بعض جواب کردار اور وقت خود دے دیتے ہیں۔
اپنا موازنہ دوسروں سے نہیں، اپنے آپ سے کریں۔ اگر آپ گزرے ہوئے کل کی نسبت آج ذہنی، جسمانی، معاشی اور اخلاقی طور پر بہتر ہیں تو یقین کریں، آپ بہت آگے بڑھ رہے ہیں۔ اصل مقابلہ کسی دوسرے انسان سے نہیں، اپنے گزشتہ وجود سے ہے۔
کون کیا کر رہا ہے، یہ آپ کا شعبہ نہیں۔ اپنے گریبان میں جھانکیے، کیوں کہ اپنے اعمال کے جواب دہ صرف آپ خود ہیں۔ دوسروں کی زندگیوں کا حساب رکھنے سے بہتر ہے کہ انسان اپنے کردار کی کتاب سنوارتا رہے۔
بلا وجہ کی تنقید، تذلیل اور تضحیک سے گریز کریں۔ مذاق میں بھی کسی کی عزتِ نفس مجروح نہ کریں، کیوں کہ الفاظ لوٹ کر آتے ہیں اور بعض اوقات بہت بھاری ہو کر واپس آتے ہیں۔ کسی کے دل پر لگنے والا زخم ہمیشہ دکھائی نہیں دیتا۔
ہر عمل سے پہلے اس کے مکافاتِ عمل کو ضرور یاد رکھیں۔ چاہے وہ گفتگو ہو، تبصرہ ہو، تنقید ہو یا کسی کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنا۔ انسان جو کچھ دوسروں کے لیے بوتا ہے، کسی نہ کسی صورت میں اسے وہی فصل کاٹنا پڑتی ہے۔
وقت بہت ظالم ہے۔ کبھی کبھی انسان کو مہلتِ عمل بھی نہیں ملتی۔ اس لیے آج اور ابھی کو ہی مہلت سمجھیں جو اچھا کرنا ہے، آج کریں۔ محبت کا اظہار کرنا ہے تو آج کریں، معافی مانگنی ہے تو آج مانگیں اور کسی کے کام آنا ہے تو آج ہی آئیں۔
اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا، انہیں قبول کرنا، معافی مانگنا اور دوسروں کو معاف کرنا۔۔۔ یہ سب سے بڑا ہنر ہے۔ انہیں سیکھنے میں کبھی دیر نہیں ہوتی۔ انسان کی عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ کبھی غلطی نہ کرے، بل کہ اس میں ہے کہ وہ اپنی غلطی کو تسلیم کرنے کا حوصلہ رکھے۔
جو کچھ آج اور ابھی ہے، وہی حقیقت ہے۔ کل کی کسے خبر؟ ہم اکثر آنے والے کل کی فکر میں آج کی خوب صورتی کھو دیتے ہیں، حالاں کہ زندگی ہمیشہ ’’اب‘‘ میں سانس لیتی ہے۔
شاید سب سے اہم بات یہ کہ عمر صرف ایک ہندسہ ہے۔ شعور، بہتری، نیت اور عمل کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ کچھ لوگ ستر برس کی عمر میں بھی شعور کی ابتدائی منازل سے آگے نہیں بڑھ پاتے اور کچھ پینتیس برس کی عمر میں ان سے کہیں زیادہ سمجھ دار، باشعور اور متوازن ہو جاتے ہیں۔
چالیس سال نے مجھے یہ سکھایا ہے کہ زندگی دوسروں کو پیچھے چھوڑنے کا نام نہیں، بلکہ ہر گزرتے دن اپنے کل سے بہتر ہونے کا نام ہے۔ اصل کامیابی یہ نہیں کہ ہم نے کتنے لوگوں کو پیچھے چھوڑا، بل کہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے اندر کتنی بہتری پیدا کی۔
زندگی کا سفر کسی دوڑ کا میدان نہیں جہاں ہر شخص دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں مصروف ہو۔ یہ تو خود کو سمجھنے، سنوارنے اور اپنے حصے کا کردار بہتر انداز میں ادا کرنے کا نام ہے۔بس نیت درست رکھیں، عمل بہتر کرتے رہیں اور اپنے حصے کی روشنی بانٹتے رہیں۔ شاید یہی زندگی کا سب سے خوب صورت حاصل ہے کہ ہم کسی کے راستے کی دیوار بننے کے بجائے اس کے سفر میں ایک چراغ بن جائیں۔



































