
ارم کاشف
جدید دور کے انسان نے جہاں خلاؤں کو تسخیر کیا، سمندروں کے سینے چیر ڈالے اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں حیرت انگیز انقلابات برپا کیے ہیں، وہیں اگر وہ
کسی میدان میں بری طرح ناکام ہوا ہے تو وہ اپنے اندر کے انسان کو زندہ رکھنے میں ہوا ہے۔ آج جب ہم دنیا کے نقشے پر نظر ڈالتے ہیں تو مادی ترقی کے بلند و بالا میناروں کے پیچھے فلسطین کی سرزمین پر سسکتی، بلکتی اور دم توڑتی انسانیت کا ایسا ہولناک منظر دکھائی دیتا ہے کہ خود انسانیت بھی شرما جائے۔
پتھر کے دور کا انسان شاید اتنا بے رحم نہ تھا جتنا آج کا "مہذب" کہلانے والا انسان ہو چکا ہے۔ غاصب قوتوں کے مظالم کی جو بارش غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں پر برس رہی ہے، وہ بوڑھے، جوان، عورت اور معصوم بچے میں کوئی تمیز نہیں کرتی۔ ملبے کے ڈھیر، تباہ حال عمارتیں، کھنڈر بن چکے ہسپتال اور دھویں سے اٹی فضا کسی افسانوی بستی کا منظر نہیں، بلکہ ارضِ فلسطین کا وہ نوحہ ہیں جہاں طاقت کے نشے میں چور انسان نے اپنے ضمیر کا گلا گھونٹ دیا ہے۔
جو خونِ بے گناہ زمیں پر بہایا جاتا ہے
وہ عرش تک پہنچ کے خدا کو سنایا جاتا ہے
جب بارود کی بو معصوم بچوں کی مسکراہٹیں نگل جائے، جب ماؤں کی گودیں اجڑ جائیں اور جب سڑکوں پر بے گناہوں کا خون پانی کی طرح بہنے لگے تو یہ صرف ایک خطے کی شکست نہیں ہوتی، بلکہ پوری انسانیت کی اخلاقی موت ہوتی ہے۔ ملبے تلے دبی کسی فلسطینی بچے کی گڑیا، اس کا ادھورا جوتا یا کسی شہید کا بکھرا ہوا بستہ محض بے جان اشیا نہیں، بلکہ وہ اس دور کے نام نہاد انصاف، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر ایک ایسا سوال ہیں جس کا جواب آج تک کوئی نہیں دے سکا۔
سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ فلسطین میں ظلم بڑھ گیا ہے، بلکہ یہ ہے کہ اس ظلم پر دنیا کی بے حسی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ آج کا انسان ٹیلی ویژن کی سکرین یا سوشل میڈیا پر لاشوں کے ڈھیر اور ماؤں کے نوحے دیکھتا ہے، ایک لمحے کے لیے افسوس کا اظہار کرتا ہے اور پھر اپنی روزمرہ زندگی میں مصروف ہو جاتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی بے بسی، بڑی طاقتوں کے نپے تلے بیانات، ویٹو پاور کا استعمال اور مظلوموں کی پتھرائی ہوئی آنکھیں اس حقیقت کی گواہ ہیں کہ ضمیر اب صرف کتابوں کے صفحات میں زندہ رہ گیا ہے۔ جب سیاسی مفادات اخلاقی اقدار پر غالب آ جائیں تو انسانیت کے شرمانے کا مقام آ جاتا ہے۔
جہاں مٹ جائے انسان سے انسان کی پہچان بھی
وہیں انسانیت اپنا گریباں چاک کرتی ہے
ہم کس منہ سے خود کو اشرف المخلوقات کہتے ہیں، جب ہم اپنے ہی جیسے انسانوں، خصوصاً معصوم بچوں، کا درد محسوس کرنے کی صلاحیت کھو بیٹھیں، جن کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ فلسطین میں پیدا ہوئے۔ زمین پر غاصبانہ قبضے اور سیاسی برتری کی اندھی دوڑ نے انسان کو اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے جہاں معصوم جانوں کا قتل بھی اس کے ضمیر کو جھنجھوڑنے سے قاصر ہے۔
اب بھی وقت ہے کہ دنیا کا سویا ہوا ضمیر بیدار ہو، ظلم کے خلاف آواز بلند کرے اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں عملی کردار ادا کرے۔ اگر آج ہم نے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اس بے حسی کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انسانیت کو بچانے کے لیے کسی معجزے کا انتظار کرنے کے بجائے ہمیں اپنے اندر کے انسان کو زندہ کرنا ہوگا۔
ظلم کے خلاف اٹھنے والی ایک چھوٹی سی آواز اور قلم کی ایک جنبش بھی اندھیروں میں روشنی کی کرن بن سکتی ہے۔ آئیے دعا بھی کریں اور کوشش بھی کہ مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق ملے، اور وہ دن جلد آئے جب انسان اپنے اعمال پر شرمندہ ہونے کے بجائے واقعی انسان کہلانے کے لائق بن جائے۔



































