
ارم کاشف
دسمبر کی یخ بستہ شام تھی۔شہر کے لوگ اپنے اپنے گھروں کی گرمائش میں پناہ لینے کی جلدی میں تھے مگر وہ سڑک کے کنارے رکھے ایک پرانے بینچ پر
خاموش بیٹھا تھا۔ اس کے چہرے پر صرف جھریاں نہیں تھیں، وقت کی بے رحم دستکوں کے نشان تھے، جنہوں نے عمر سے پہلے ہی اسے بوڑھا کر دیا تھا۔ اس کی نظریں سامنے اڑتی دھول اور اس دھول میں گم ہوتے انسانوں پر جمی ہوئی تھیں۔
وہ دل ہی دل میں سوچنے لگا، "دنیا کتنی تیزی سے بھاگ رہی ہے۔ ہر شخص کسی نہ کسی خواب کے تعاقب میں ہے، مگر کیا ہر خواب کی تعبیر سکون بھی ساتھ لاتی ہے؟"
اس کے ہاتھ میں چائے کا گرم کپ تھا۔ اٹھتا ہوا دھواں سرد ہوا میں تحلیل ہو رہا تھا، بالکل ان خوابوں کی طرح جنہیں اس نے کبھی جاگتی آنکھوں سے سنوارا تھا۔ اس نے ایک طویل سانس بھری۔ حقیقت کا زہر جب رگوں میں اترتا ہے تو انسان خوابوں کی رنگین دنیا سے نکل کر زندگی کی کھردری زمین پر آ کھڑا ہوتا ہے۔
"بابا۔۔۔ ایک روپیہ دے دیں!"
یہ معصوم مگر تھکی ہوئی آواز اس کی سوچوں کا سلسلہ توڑ گئی۔
اس نے سر اٹھایا۔ سامنے ایک ننھا بچہ کھڑا تھا۔ تن پر پھٹا ہوا سویٹر، چہرے پر گرد، مگر آنکھوں میں امید کی وہی چمک جو کبھی اس کی اپنی آنکھوں میں ہوا کرتی تھی۔ ایک لمحے کو اسے یوں محسوس ہوا جیسے برسوں پرانا اپنا وجود اس کے سامنے آ کھڑا ہوا ہو۔
اس نے جیب سے چند سکے نکال کر بچے کی ہتھیلی پر رکھ دیے، پھر اس کا ننھا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے نرمی سے بولا:۔
"بیٹا! یہ سکے آج تمہاری بھوک تو مٹا سکتے ہیں، مگر انہیں اپنی قسمت مت سمجھنا۔ زندگی بدلنی ہو تو ہاتھ پھیلانے کے بجائے ہاتھوں سے محنت کرنا سیکھو۔ حالات کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں، کبھی جھوٹ یا غلط راستے کے سامنے سر مت جھکانا۔ انسان کی اصل دولت اس کی محنت، کردار اور سچائی ہوتی ہے۔"
بچہ خاموشی سے اس کے چہرے کو دیکھتا رہا۔ شاید وہ ان باتوں کی گہرائی نہ سمجھ سکا، مگر "محنت" اور "سچائی" کے لفظ اس کے دل میں کہیں اتر گئے تھے۔ اس نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ سکے سنبھالے اور دوڑتا ہوا بھیڑ میں گم ہو گیا۔
وہ پھر تنہا رہ گیا۔
شام اب رات میں ڈھل چکی تھی۔ سرد ہوا پہلے سے زیادہ تیز ہو گئی تھی۔ اس نے آسمان کی طرف دیکھا اور دھیرے سے مسکرایا۔ اسے محسوس ہوا کہ بڑے بڑے افسانے ہمیشہ کتابوں میں نہیں لکھے جاتے۔ کچھ افسانے فٹ پاتھوں پر، ٹوٹی ہوئی بینچوں پر، اور ان لوگوں کی خاموش آنکھوں میں جنم لیتے ہیں جن کے خواب وقت کی گرد میں کہیں کھو جاتے ہیں۔
اس نے چائے کی آخری چسک لی، خالی کپ بینچ کے پاس رکھا، چادر اپنے کندھوں پر درست کی اور آہستہ آہستہ چل پڑا۔
اسے معلوم تھا کہ کل پھر سورج نکلے گا، لوگ پھر خوابوں کے پیچھے بھاگیں گے، اور زندگی ایک بار پھر ہر انسان سے اس کے خوابوں کی قیمت وصول کرے گی۔



































