
کوثر خان
چودہ اگست کا دن تھا،موسم بہت خوشگوار تھا۔آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھے۔ہوا میں ہلکی ہلکی خنکی تھی۔ ہری ہری جھنڈیوں اور گھروں پر لہراتے سبز ہلالی پرچموں نے
ماحول کو مزید خوبصورت بنا دیا تھا-ہر طرف بچے ہاتھوں میں چھوٹے چھوٹے جھنڈے لیے'پاکستان زندہ باد'کے نعرے لگاتے نظر آرہے تھے-پورے شہر میں جگہ جگہ بیجز 'جھنڈوں اور سفید اور سبز کپڑوں کے اسٹال سجے ہوئے تھے -پوری قوم جشن ازادی منا رہی تھی کیونکہ آج ہمارے پیارے وطن پاکستان نے ہندوؤں سے آزادی حاصل کی تھی ،اس دن کو ہر سال ایسے ہی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔
اسکولوں اور کالجوں میں تقریروں اور ملی نغموں کے انعامی مقابلے ہوتے ہیں،ہمدان جو کلاس چہارم کا طالب علم تھا، اس نے بھی اپنے اسکول کے تقریری مقابلے میں حصہ لیا تھا اور دادی جان کی مدد سے اپنی تقریر مکمل کی تھی۔ ہمدان نے اسٹیج پر جا کر جب اپنی تقریر شروع کی تو اس کی پرجوش تقریر سے پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور ہمدان اول انعام کا حقدار قرار پایالیکن ہمدان یہ انعام لینے کے باوجود اداس تھا-
تقریر کے دوران بھی اس کی آنکھوں کے سامنے اپنی پیاری دادی جان کا اداس چہرہ گھومتا رہا ، نجانے دادی جان اس خوشی کے موقع پر کیوں اداس ہوتی ہیں؟ہمدان کو اپنی دادی جان سے بہت محبت تھی، اس نے سوچا آج میں دادی جان سے یہ بات ضرور پوچھوں گا ،اسکول سے گھر پہنچا تو امی نے اس کے انعام کو دیکھ کر اس کو گلے لگایا اور شاباش دی، ہمدان نے امی سے بھی یہی استفسار کیا کہ دادی جان اس دن کیوں اداس ہوتی ہیں؟اور میں نے تو دادی جان کی آنکھوں میں آنسو بھی دیکھے ہیں امی جان! آج میں اپنے سب کزنز کو بلاؤں گا اور ہم سب مل کر دادی جان کے پاس بیٹھ کر سارے واقعات سنیں گے"ہاں ہاں ضرور سنو "امی نے جواب دیا۔
سارے کزنز آگئے اور سب دادی جان کے گرد جمع ہو گئے تو ہمدان نے دادی جان کے گلے میں ہاتھ ڈال کر بڑے پیار سے سوال کیا کہ"دادی جان! آج تو خوشی کا دن ہے سب لوگ آزادی کا جشن منا رہے ہوتے ہیں لیکن آپ کی آنکھوں میں آنسوکیوں ہوتے ہیں؟"دادی جان کے آنکھوں سے پھر ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے ۔ انہوں نے دوپٹے کے پلو سے اپنے آنسو صاف کیے اور بڑی ہمت کر کے جواب دیا"بیٹا اس دن مجھے اپنے وہ تمام عزیز یاد آتے ہیں جو میری انکھوں کے سامنے شہید کر دیے گئے-
پاکستان کی ازادی کے وقت وہ تمام واقعات جو میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے اور دوسروں سے سنے ان کو یاد کر کے آج بھی میرے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔۔ اف خدایا! کیسا کڑا وقت تھا ہم مسلمانوں نے اس پاک سرزمین کے لیے اپنے گھر بار'جان و مال کے ساتھ ساتھ عزت و آبرو کی بھی قربانیاں دی تھیں۔ ہمیں پاکستان بنانے کی جدوجہد میں آگ اور خون کا دریا پار کرنا پڑا تھا۔
"ارسلان نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے بڑا دلچسپ سوال کیا"دادی جان! قائد اعظم نے پاکستان کیوں بنایا تھا کیا ہندوستان خراب ملک تھا؟دادی جان نے ارسلان کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے جواب دیا"میرے پیارے بچو غور سے سنو ہندوستان میں دو قومیں آباد تھیں-ہندو اور مسلمان دونوں کا مذہب تہذیب اور ثقافت اور رسم و رواج سب کچھ مختلف تھا-مسلمان وہاں غلامی کی زندگی بسر کر رہے تھے، اس لیے قائد اعظم نے سوچا کہ مسلمانوں کا ایک علیحدہ ملک ہونا چاہیے جہاں وہ آزادی سے رہ سکیں اور اللہ اور رسول کی مرضی کے مطابق زندگی گزار سکیں ۔قائد اعظم کے علاوہ اور بھی بہت سے لوگ اس مہم میں شریک تھے ۔قائد اعظم ان سب کے لیڈر تھے جیسے ہی مسلمانوں کے لیے ایک الگ سرزمین کا اعلان ہوا مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
فضا میں نعرہ تکبیر'لے کے رہیں گےپاکستان ، بٹ کے رہے گا ہندوستان،بن کے رہے گا پاکستان اور پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے گونج رہے تھے۔ دوسری جانب ہندوؤں اور سکھوں پر یہ خبر بجلی بن کر گری ۔ ان کا مسلمانوں پر حکومت کرنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ مسلمانوں کے گلی محلوں میں ہندو اور سکھوں نے آگ اور خون کی ہولی کھیلنا شروع کر دی-انہوں نے کرپانوں اور نیزوں سے مسلمانوں پر حملے شروع کر دیے-ہر طرف آگ کے شعلے،دھواں ،راکھ کے ڈھیر اور خون تھا جگہ جگہ شہیدوں کی لاشوں کے ڈھیر لگے ہوئے تھے-ہندوستان سے ٹرینیں جب مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچتیں تو لاشوں سے بھری ہوتیں ،اکادکا کوئی زندہ بچ جاتا بہت سی لڑکیوں نے عزت بچانے کے لیے چلتی ٹرینوں سے چھلانگیں لگائیں، وہ جیے شرما'جیے ما تا کے نعرے لگاتے پھرتے اور مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کر دیتے۔ انہوں نے زمینوں پر قبضہ کر لیا گھروں کو آگ لگا دی۔"
نجیب بڑے غور سے پوری داستان سن رہا تھا، اس نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے بڑا انوکھا سوال کیا"دادی جان! آپ پاکستان کیسے پہنچیں؟اپ کو ہندوؤں نے کچھ نہیں کہا؟"اس پر سب بچے بول پڑے!"ہاں ہاں دادی جان یہ تو بہت دلچسپ سوال ہے جلدی سے بتائیں"۔
دادی جان نے بتانا شروع کیا"بھئ میری داستان بھی بڑے عجیب و غریب ہے غور سے سنو!---ہم چار بہن بھائی تھے-میں اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی-والد کا وسیع کاروبار تھا ہم جس محلے میں رہتے تھے ۔وہاں ہندوؤں کے بھی کافی گھر تھے۔ سب مل جل کر رہتے کسی کی کسی سے کوئی دشمنی نہ تھی لیکن جیسے ہی پاکستان بننے کا اعلان ہوا وہی ہندو خاندان مسلمانوں کے دشمن ہو گئے-ابا نے ہمیں خبردار کر دیا تھا کہ کسی وقت ہمارے گھر پر بھی حملہ ہو سکتا ہے-ایک وقت آیا کہ باہر سے جیے شرما جیے ماتا کے نعروں کی آوازیں آنا شروع ہو گئیں ۔ اماں خطرے کی بو سونگھ چکی تھیں ۔انہوں نے مجھے کچن میں رکھے"نعمت خانے"میں چھپا دیا-میری انگلی میرے ہونٹوں پر رکھی اور کہا ایسے ہی بیٹھی رہنا کچھ بھی ہو جائے بولنا نہیں شور نہیں مچانا"ابھی وہ آپا کو چھپانے کا سوچ ہی رہی تھیں کہ ہندو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے ،انہوں نے اماں اور آپا کے دوپٹے کھینچے اور تار تار کر دیے۔میرا دل چاہا کہ میں زور سے چیخوں لیکن اماں کے ڈر سے چپ رہی اور انگلی ہونٹوں پر رکھے رہی۔ اس کے بعد انہوں نے والد اور بھائیوں سمیت سب کو شہید کر دیا اور خوف اور دہشت کے مارے میری آواز بھی نہ نکلی میں کافی دیر تک اسی حالت میں بیٹھے رہی اور چپکے چپکے روتی رہی کہیں کوئی میری آواز نہ سن لے۔
شام ہونے کو تھی کہ میرے ماموں جو تھوڑے فاصلے پر ہی رہتے تھے ہمیں لینے کے لیے آئے کہ ایک قافلہ رات کی تاریکی میں روانہ ہونے والا ہے، تھوڑا بہت ضروری سامان لے کر اس کے ساتھ چل پڑتے ہیں لیکن وہاں کے منظر کو دیکھ کر وہ ہکا بکا رہ گئے۔دل پاش پاش ہو گیا ،ایسا زخم جو بھرنے سے بھی نہیں بھرتا-نہ کوئی مرہم تھا نہ مرہم لگانے والا۔ وہ افسردہ سے کھڑے ہو گئے۔ میں نے ماموں کو دیکھتے ہی آواز لگائی"مامو ں میں یہاں ہوں مجھے کھولیں"مامو ں نے مجھے کھولا اور خوشی اور حیرت کہ ملے جلے جذبات کے ساتھ مجھے گلے لگا لیا ،ان کے ہونٹ کپکپا رہے تھے ،وہ رقت آمیز لہجے میں بولے جلدی نکل چلو یہاں سے کوئی دیکھ نہ لے اللہ ہمارا نگہبان ہو ایک قافلہ جانے والا ہے کوشش کرتے ہیں اس کے ساتھ نکل جائیں۔
ہم دونوں چھپتے چھپاتے قافلہ تک پہنچے بھوک'پیاس اور بے سرو سامانی کے عالم میں قافلہ رواں دواں تھا زبان پر دعاؤں کے سوا کچھ نہ تھا جگہ جگہ خطرات کے سائے منڈلا رہے تھے۔ دو دن کے تکلیف دہ سفر کے بعد ہم لوگ پاکستان کی سرزمین پر پہنچے۔ سب نے سجدہ شکر ادا کیااور پاکستان کی سرزمین پر طلوع آفتاب کا حسین منظر دیکھا کیونکہ یہ آزادی کا سورج تھا-پاک سرزمین کا سورج ،سب نے خوشی سے جھوم کر نعرہ لگایا'پاکستان زندہ باد'-یہ منظر تو میرے ذہن پر نقش ہو گیا بھلائے نہیں بھولتا۔
ہمدان بولا"دادی جان اپ تو اب بھی کبھی کبھی انگلی ہونٹوں پر رکھ کر گہری سوچ میں ڈوب جاتی ہیں ۔میں حیران ہو کر سوچتا ہوں کہ دادی جان ایسا کیوں کرتی ہیں ، اب معلوم ہوا کہ آپ ایسا کیوں کرتی ہیں"۔ جی بیٹا دادی جان نے کچھ سوچتے ہوئے جواب دیا!"مجھے اپنے والدین اور بہن بھائی بہت شدت سے یاد اتے ہیں جنہیں میری نظروں کے سامنے ظالموں نے شہید کر دیا وہ تصور مجھے تڑپائے دیتا ہے ۔ یہ ایسا درد ہے جس کی ٹیس ساری زندگی انسان کو تکلیف دیتی ہے۔ سات سالہ فاطمہ معصومانہ انداز میں بولی"شکر ہے دادی جان! آپ خیریت سے پاکستان آگئیں ورنہ ہم آپ کو کہاں ڈھونڈتے ہمیں اتنی پیاری دادی جان کیسے ملتیں؟"اس کی بات پہ سب ہنس پڑے۔دادی جان بھی مسکرا دیں۔
دادی جان نے بچوں کو سمجھاتے ہوئے کہا"میرے پیارے بچو آزادی بہت بڑی نعمت ہے ، اس کی قدر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے پوچھوفلسطین کے مسلمانوں پر جو ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، ان کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ان کو بھوک پیاس کے ذریعے شہید کیا جا رہا ہے ،آپ سب بچے ان کی آزادی کے لیے بھی دعا کریں اور اپنے پیارے پاکستان کو بھی ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کا عزم کریں ،پاکستان کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے ۔
یہ سورج یہ ستاروں کا جہاں کوئی نہیں دے گا
زمین کھوئی تو تم کو امان کوئی نہیں دے گا
تمام بچوں نے دادی جان سے وعدہ کیا کہ ہم بڑے ہو کر اپنے پیارے وطن کو خوبصورت اور خوشحال بنائیں گے ۔ ان شاءاللہ۔ دادی جان نے دعا دیتے ہوئے کہا"اللہ تعالی تم لوگوں کو اس کی توفیق عطا فرمائے، آمین"سب بچوں نے ہاتھ بلند کر کے نعرہ لگایا"پاکستان زندہ باد"اور دادی جان کے دل سے صدا آرہی تھی۔
ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے
اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے



































