
کراچی (رپورٹ:زین صدیقی) ایکسپو سینٹرکراچی میں پانچ روزہ عالمی کتب میلہ جاری ہے۔کتاب کے چاہنے والے اس
جانب کھنچے چلے آرہے ہیں۔
گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال2019میں کتب میلے میں لوگوں کا رجحان جاننے کیلئے ”رنگ نو ڈاٹ کام“نے معروف پبلیشنگ ادارے جہانگیر بک ڈپو لاہور کے اسٹال پر ریجنل منیجر محمد افضل چوہدری سے ملاقات کی۔
محمد افضل چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی میں عالمی کتب میلہ ہرسال منعقد ہو تا ہے۔ہر سال پہلے روز لوگوں کا میلے میں رجحان کم ہوتا ہے۔لیکن بعد میں لوگ بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اوریہاں لوگوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔

ایک سوال پر محمد افضل چوہدری نے کہا کہ انٹر نیٹ کادور ہے،لیکن کتاب کی اہمیت کبھی ختم نہیں کی جا سکتی،میں سمجھتا ہوں کہ ایسے بک فیئر سال میں دوبارمنعقد ہونے چاہئیں۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ یہ یہاں عالمی سطح کی کتب موجود نہیں۔میلے کا نام ہی عالمی میلہ ہے،یہاں انڈیا،یوکے،آسٹریلیا کے پبلیشرزبھی اسٹالز لگاتے ہیں،جبکہ ترکی اورکوریا کے اسٹالز بھی قائم ہیں،جہاں انگر یزی کتب موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کے پبلیشر یہاں محض تشہیر کیلئے آتے ہیں۔
محمد افضل چوہدری نے کہا کہ یہاں رعایت کے ساتھ کتب فروخت کی جا رہی ہیں اورلوگ کتب کی خریداری کیلئے آرہے ہیں۔ہم بحیثیت پبلشراس کتب میلے سے مطمئن اورخوش ہیں۔ایسے میلے سال میں دو بار منعقد ہونے چاہئیں۔




































