
کراچی (رپورٹ:قرۃ العین:عکاسی،محمد سعاد) کراچی ایکسپو سینٹر میں چوتھے روز 15ویں عالمی کتب میلے میں
اتوار کو لوگوں کا جم غفیررہا ورایکسپو سینٹر کے کتب میلے کیلئے مختص ہالز لوگوں سے بھرے رہے۔
کتاب سے محبت کرنے والوں نے دل کھول کر خریداری کی۔بچے،بڑے،بوڑھے اور نوجوان سب اپنی پسند کی کتب خریدیں۔
اس موقع پر شہریوں کی جانب سے لاکھوں روپے کی خریداری کی گئی۔اسٹالز پر تقریبا ً ہر موضوع پر کتاب کی دستیابی یقینی رہی۔اسلام،طب،سائنس وٹیکنا لوجی،کھیل،ادب،ثقافت،تاریخ،سیاست،شخصیات،شاعری،ناول سمیت تمام ہی موضوعات پر کتب موجود تھیں۔
کتاب 50فیصد تک کے رعایتی نرخوں پر دستیاب تھیں۔وہاں آنے والے لوگوں نے اس میلے پر مسرت کا اظہار کیا اورکہا کہ یہ میلہ ہر سال منعقد ہوتا ہے،اسے منعقد ہوتا رہنا چاہیے،یہ اچھا سلسلہ ہے۔
بچوں کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی پسند کی کتب اورکہانیاں خریدی ہیں۔یہاں ہر طرح کی کتب موجود ہیں۔
میلے میں اسٹالز لگانے والے پبلیشرز بھی خوش دکھائی دیئے۔ان کا کہنا تھا کہ میلے میں گزشتہ برس کی نسبت لوگوں کا رجحان کم ہے مگر ہم اس پر خوش ہیں۔




































